سینیٹ نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025منظور کرلیا،اپوزیشن کا شدید احتجاج 

سینیٹ نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025منظور کرلیا،اپوزیشن کا شدید احتجاج 
سینیٹ نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025منظور کرلیا،اپوزیشن کا شدید احتجاج 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینیٹ میں پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025منظور کر لیاگیا۔

نجی ٹی وی چینل  دنیا نیوز کے مطابق پیکا ایکٹ ترمیمی بل وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے ایوان میں پیش کیا،سینیٹ نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کرلیا،جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی،اپوزیشن شور مچاتی رہ گئی،صحافیوں احتجاج کرتے ہوئے سینیٹ سے واک آؤٹ کر گئے۔

رانا تنویر نے کہاکہ قانون میں بہتری کی گنجائش رہتی ہے،صحافیوں کیلئے پیمرا قوانین پہلے ہی موجود ہیں،پیکا ایکٹ قانون کا صحافیوں سے کوئی تعلق نہیں،پیکا ایکٹ قانون صرف سوشل میڈیا کو ڈیل کرے گا، جنگل نہیں ہے کہ یہاں بے لگام سوشل میڈیا چلے۔

اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہاکہ یہ قانون برائے اصلاح نہیں، قانون برائے سزا ہے،متنازع پیکا ایکٹ سے سیاسی انتقام میں مزید اضافہ ہوگا، یہ نہیں کہتے کہ قانون نہ لائیں لیکن اس پر بحث تو کریں،ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا ہو سکتا ہے، صحافی کیوں سراپا احتجاج ہیں؟پیکا ایکٹ کے تحت جو کیسز ہوں گے اس کیلئے وکلا، ججز بھی تیار نہیں۔

شبلی فراز کاکہناتھا کہ اب اس قانون کے تحت پکڑدھکڑشروع ہو جائے گی،بل اپوزیشن کو دبانے کیلئے بنایا گیاہے،صحافی برادری سے متنازع پیکا ایکٹ پر مشاورت نہیں کی گئی،پیکا ایکٹ جن سے متعلق ہے آپ ان سے مشاورت تو کرتے،کچھ تو ہے جو صحافی برادری احتجاج کررہی ہے۔

ایمل ولی خان کاکہناتھا کہ ہمارے خاندان کو تو 47سے لیکر آج تک میڈیا ٹرائل ہورہا ہے،آزادی اظہاررائے کیلئے ہم نے جانوں کے نذرانے پیش کئے،فیک نیوز پر قانون بنے لیکن آزادی اظہار پر قدغن نہیں لگانا چاہئے،فیک نیوز کیلئے ہمیں اور میڈیا کو اعتماد میں لیکر کام کریں،ان کاکہناتھا کہ میں اس پیکا ایکٹ کو کالا قانون سمجھتا ہوں،ریاست کی سوچ کے خلاف کوئی بھی ہوگا اسے نشانہ بنایا جائے گا، جتنا ہم بولتے ہیں اس سے تو ہم ہی پیکا کا پہلا نشانہ بنیں گے،پیکاکا پہلا نشانہ مجھے تو اپنا آپ لگ رہا ہے،جتنی بھی مجبوریاں ہوں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ اپنے نظریات کاسودا کیا جائے،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی جمہوریت پسند یا جماعت ایسے بل کی حمایت نہیں کر سکتی۔