"بائیڈن انتظامیہ نے پیوٹن کو مارنے کی کوشش کی" ٹکر کارلسن کا دھماکہ خیز دعویٰ
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کے معروف قدامت پسند مبصر اور سابق فاکس نیوز اینکر ٹکر کارلسن نے جوبائیڈن انتظامیہ پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ یہ غیرمعمولی دعویٰ ٹکر کارلسن نے اپنے پوڈکاسٹ "دی ٹکر کارلسن شو" کی تازہ ترین قسط میں کیا، جہاں وہ امریکی مصنف اور صحافی میٹ طائیبی سے گفتگو کر رہے تھے۔
کارلسن نے الزام لگاتے ہوئے کہا "بائیڈن انتظامیہ نے پیوٹن کو مارنے کی کوشش کی۔ یہ پاگل پن ہے۔ یہ سوچنا ہی ناقابل یقین ہے۔ آخر انہوں نے ایسا کیوں کیا؟ کیونکہ انتشار ان کے لیے ایک پردہ ہے جو انہیں تحفظ دیتا ہے۔"
این ڈی ٹی وی کے مطابق ٹکر کارلسن کی طرف سے یہ دعویٰ کسی ٹھوس ثبوت کے بغیر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کارلسن کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ 2023 میں فاکس نیوز سے نکالے جانے کے بعد کارلسن اکثر تنازعات کا شکار رہے ہیں۔
دوسری طرف کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "روسی خصوصی خدمات ریاست کے زیر تحفظ افراد، خاص طور پر صدر کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہیں۔"