سندھ اور پنجاب میں آئی ڈی پیز کو روکے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں :عمران خان، تر دید کر تے ہیں : پر ویز رشید
بنوں(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب کی جانب سے متاثرین کو اپنے ہاں روکے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، تحریک انصاف ،صوبائی حکومت آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی ،دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات پر ویز رشید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں آئی ڈی پیز کے داخلے پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق بنوں میں متاثرین شمالی وزیرستان آپریشن کے ساتھ عید الفطر مناتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کاکہنا تھا کہ متاثرین کی مشکلات کم کرنے کےلئے خیبرپختونخوا حکومت اور تحریک انصاف ہر ممکن اقدامات کرےگی اور آئی ڈی پیز کی زندگی آسان بنانے کےلئے جو کچھ بھی کرسکے وہ کریں گے، شمالی وزیرستان کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ سارا پاکستان مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے کا وعدہ پورا کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں تاہم موسم کی خرابی کے باعث وقت پر بنوں نہ پہنچ سکنے کے باعث متاثرین کے ساتھ نماز عید کی ادائیگی نہ ہوسکی جس پر معذرت خواہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر متاثرین کی پریشانیاں حل کرنے کے لئے پیش پیش ہیں اور تحریک انصاف اسی طرح آئی ڈی پیز کی مدد جاری رکھے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پر ویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ اور نفرت پر مبنی ہے ،ان میں بنوں میں دہشت گردو ں کو للکارنے کی جر اءت نہیں ہیں ،چیئر مین تحریک انصاف تو دہشت گردوں کی مذمت بھی نہیں کرسکتے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں ،ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے لیے تیار ہیں ،ملک کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ،وزیر اعظم کی سعو دی عرب سے واپسی پر اہم ایشورز پر اجلاس ہوگا۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے قوم پرستوں کی جانب سے آئی ڈی پیز کو صوبے میں داخلے سے روکنے کے لیے احتجاج کیا گیا تھا ، قوم پرستوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ آئی ڈی پیز کے آنے سے اپنے ہی صوبے میں اقلیت میں بدل جائیں گے ۔