ٹی 10 کرکٹ لیگ رواں سال دسمبر میں کھیلی جائیگی

دبئی(اے پی پی) شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ اور کامران اکمل سمیت آٹھ پاکستانی کھلاڑی رواں برس کے آخر میں شیڈول ٹی 10 کرکٹ لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، راشد خان، کرس لین، برینڈن میک کولم اور آندرے رسل بھی لیگ میں حصہ لیں گے۔ ٹی 10 لیگ دسبمر میں کھیلی جائے گی جس میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق لیگ کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی منی ڈرافٹنگ کی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں فرنچائزز نے آئیکون کھلاڑیوں کے انتخاب کے علاوہ گزشتہ سکواڈز سے چار کھلاڑیوں کو برقرار رکھا، مین ڈرافٹنگ کی تقریب 2 ستمبر کو ہو گی جس میں فرنچائزز 11، 11 کھلاڑیوں کو چناؤ کریں گی، پختونز نے شاہد آفریدی، پنجابی لیجنڈز نے ایوان مورگن اور کیریلا کنگز نے شعیب ملک کو برقرار رکھا، ڈیرن سیمی نے بنگال ٹائیگرز سے ناردرن واریرز میں شمولیت اختیار کر لی ہے، کامران اکمل مراٹھا عریبینز، محمد عرفان پختونز، آصف علی بنگال ٹائیگرز، سہیل تنویر کیریلا کنگز، محمد حفیظ راجپوتس، وہاب ریاض ناردرن واریرز کی طرف سے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔اس سے قبل یہ کھلاڑی متعدد ٹی ٹونٹی لیگز میں اپنی کارکردگی کے جوہر دکھاچکے ہیں اور اپنے ملک کا نام روشن کرچکے ہیں۔اب دیکھنایہ ہے کہ ٹی 10 کرکٹ لیگ میںیہ قومی کھلاڑی کیا جوہر دکھاتے ہیں۔