ق لیگ، عوامی تحریک میں دوری کی وجہ سامنے آگئی
لاہور (نیوزڈیسک) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو کینیڈا سے لاہور آئے ایک ہفتہ نہیں ہوا ہے اور اب تک وہ متعدد ’انقلاب‘ برپا کر چکے ہیں، لاہور آمد پر ہی انہوں نے پہلا ’انقلاب‘ اس وقت برپا کیا جب انہوں نے جہاز میں دھرنا دے کر مطالبہ کر دیا کہ پاک فوج انہیں اپنی حفاظت میں گھر لے کر جائے۔ اس کے بعد کیا ہوا یہ تو سب جانتے ہی ہیں لیکن اس کے پیچھے اور کہانی بھی چھپی ہے جس کا انکشاف نجی ٹی وی کے پروگرام ’حسب حال‘ کے مہمان ’عزیزی‘ نے کیا ہے۔ عزیزی نے روائتی انداز میں مخبریاں سنانے کے دوران بتایا کہ جب طاہر القادری نے کور کمانڈر لاہور کی ائیرپورٹ آمد کا مطالبہ کیا تو ایک بڑی جماعت کے لیڈر نے اپنے عزیز (جو ڈاکٹر طاہر القادری کی پارٹی کے ہیں اور ان کے ساتھ جہاز میں ہی براجمان تھے) کو فون کیا ، (اس کے ساتھ ہی عزیز ی نے فون کرنے کی اداکاری کرتے ہوئے چوہدری شجاعت کی آواز میں کہا) ” اے بابا پاگل ہو گیا اے، اینوں چپ کراﺅ“ (یہ بابا پاگل ہو گیا ہے، اسے چپ کرواﺅ)۔ جن صاحب کو فون پر یہ پیغام دیا گیا انہوں نے قادری صاحب کو یہ پیغام من و عن پہنچا دیا جسے سن کر قادری صاحب کا رنگ دیدنی تھا۔ عزیزی کے مطابق فون کرنے والے لیڈر جب طاہر القادری سے مذاکرات کیلئے پہنچے تو وہاں قادری صاحب نے مذاکرات سے پہلے ہی یہ معاملہ اٹھایا اور پوچھ ہی لیا کہ ” جب آپ نے فون کیا تھا تو یہ جملہ ادا کیا تھا“ جبکہ اس معاملے پر کئی گھنٹے بحث و تکرار بھی ہوتی رہی۔ گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے دوران چوہدری برادران اور ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان ’تکرار‘ بھی اسی جملے کا شاخسانہ ہو سکتی ہے۔