ستو کا شربت ،بہترین افطاری

ستو کا شربت ،بہترین افطاری
ستو کا شربت ،بہترین افطاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

رمضان المبارک کے روزے جو کہ تمام مسلمانوں پر فرض ہیں اس سال بلکہ آئندہ چند سال بھی شدت گرمی کے موسم ہوں گے۔ اس موسم میں روزہ کا دورانیہ پندرہ گھنٹے سے زیادہ ہے۔ چونکہ گرمی کا موسم ہے اور جسم سے پانی بذریعہ پسینہ خارج ہو جاتا ہے اس لئے شدت کی پیاس لگتی ہے اور بعض افراد افطاری ٹھڈے مشروبات سے کرتے ہیں۔ اور اس قدر مشروب پیتے ہیں کہ کھانے کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔ جس کی وجہ سے بھوک ختم ہو کر اور جسم کو ضروری غذا نہ ملنے کے سبب کمزوری ہو جاتی ہے۔
مصنوعی مشروبات جو ایسڈز سے بنتے ہیں ان میں گیس بہت ہوتی ہے ،ان کا استعمال گردوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ اس موسم میں روزہ افطاری کے لیے ایک اچھا مشروب شکر ملا ستو کا شربت ہے جو ہمارے پیارے نبی ﷺ کو مرغوب رہا ہے۔ رسول پاک ﷺ موسم گرما میں عموماً روزہ ستو کے شربت سے افطار کرتے۔ اس سے نہ صرف پیاس ختم ہو جاتی ہے بلکہ روزہ کی صورت جو دن بھر کھانے کا وقفہ ہوتا ہے ،کے نتیجے میں جو غذائی کمی ہوتی ہے وہ رفع ہو جاتی ہے اور جسم میں پانی کی کمی بھی نہیں ہوتی۔ ستو کا شربت پیاس کو تسکین دیتا ہے۔ طبیعت کو فرحت بخشتا ہے۔ ہاتھ پاؤں کی جلن ختم کرتا اور گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ پیشاب آور ہے۔
ستو ایک قسم کا آٹا ہے جو مختلف قسم کی گندم اور جو سے تیار کیا جاتا ہے۔ پھر اس آٹے کو شکر ملا کر شربت کی صورت پی لیا جاتا ہے۔ چند سال قبل تک یہ ہمارے خطہ پنجاب میں موسم گرما کا مرغوب شربت تھا۔ جب شدت کی گرمی ہوتی اور لو چلتی تو شکر ملا شربت ستو ملا کر پیا جاتا اور موسمی اثرات سے محفوظ رہا جاتا۔ جو لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ شدت گرمی کا توڑ اور علاج ہوتا ہے۔ اب شہروں میں ریڑھیوں پر یہ ملتا ہے مگر یہ روایت اور ثقافت اب دم توڑ رہی ہے۔ اور نئی نسل کے لوگ تو اس نام سے بھی نا آشنا ہوتے جا رہے ہیں۔ ہر طرف جدید مشینی زندگی کے مصنوعی مشروبات کی بھر مار ہے۔ جن میں ایسڈز اور گیس ہوتی ہے اور وہ مضر صحت ہوتے ہیں۔ ان سے گردے خراب ہو سکتے ہیں۔ جبکہ ستو کا شربت ہر طرح مفید صحت ہے پھر ہمارے آقا ﷺ کی مرغوب تھا اور وہ اس سے موسم گرما میں روزہ افطار فرماتے ۔ فطرت سے دوری مسائل صحت کا سبب ہیں۔ آپ روزہ کو ستو کے شربت سے افطار کرکے لذت کے ساتھ ساتھ طبی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ستو میں کثیرفائبر ہوتا ہے جو قبض رفع کرتا اور خون سے کلیسٹرول کی مقدار کم کرتا،یورک ایسڈ کا خاتمہ کرتا ہے۔
(ادارہ ہمدرد سے وابستہ حکیم راحت نسیم سوھدروی قومی طبی کونسل کے رکن بھی ہیں۔عرصہ دراز سے قومی اخبارات و جرائد میں انکے طبی مضامین شائع ہورہے ہیں۔کئی کتابوں کے مصنف ہیں ۔مستند معالج اور محقق ہیں،حکیم محمد سعید کے معاون کی حیثیت سے انکے ہمراہ مطب کرتے رہے ہیں ۔ا ن سے اس ای میل پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ hknasem@gmail.com)

۔

نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں۔ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

بلاگ -