آکسفورڈ یونیورسٹی کو عمران خان کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کیخلاف احتجاجی شکایات موصول
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ پر انٹرنیشنل میڈیا میں سرپٹ احتجاج شروع ہو گیا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے کے فیصلے کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں سخت اشتعال اور مظاہروں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔عمران خان کی جانب سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے کیلئے درخواست جمع کرنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کو شکایات موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
ڈیلی میل کے مطابق ان ای میلز میں بانی پی ٹی آئی کو اکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کیلئے نامناسب ترین امیدوار قرار دیا گیا ہے۔
پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ کرپشن کیسز میں سزا یافتہ شخص کا آکسفورڈ یونیورسٹی جیسے بڑے تعلیمی ادارے کے چانسلر کا الیکشن لڑنا قابل قبول نہیں ہے۔
اخبار نے دعویٰ کیا کہ موصول ہونے والی بعض شکایات میں بانی پی ٹی آئی پر طالبان اور اسامہ بن لادن کی پرجوش حمایت کاالزام عائد کرتے ہوئے انہیں شدت پسند قرار دیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف یونیورسٹی کو موصول پٹیشن میں اس طرح کے مزید ذاتی اور پبلک مفادات سے متصادم باتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔برطانوی اخبار نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی انسانیت کے احترام ، اخلاقی اقدار اور لیڈر شپ کے اعلیٰ معیار کے حوالے سے قابل قدر تاریخ ہے، عمران خان کا چانسلر کا الیکشن لڑنا اسے داغدار کر دے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب لڑنے کیلئے درخواست جمع کرائی تھی، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کا ایکس پوسٹ میں کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پر آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب 2024 کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔