"اس کا خرچہ زمین پر اسسٹڈ لیونگ سے کم ہے" گزشتہ 25 سال سے کروز شپ پر دنیا گھومنے والا شخص
میامی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک شخص تقریباً 25 سال سے کروز شپ پر زندگی گزار رہا ہے اور اس نے حال ہی میں اپنی 1000ویں کروز مکمل کی۔ ماریو سالسیڈو ایک کیوبن شہری ہیں اور 1960 کی دہائی میں اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ کے شہر میامی منتقل ہوئے تھے ۔ میامی پہنچنے کے بعد انہوں نے ایک کروز کا سفر کیا اور اس تجربے سے محبت کر بیٹھے۔
جہاز کے عملے میں 'سپر ماریو' کے نام سے مشہور ماریو نے حال ہی میں رائل کیریبیئن کے کروز شپ "ایکسپلورر آف دی سیز" پر اپنی 1000ویں کروز مکمل کی۔ یہ جہاز 5 جنوری کو میامی سے روانہ ہوا اور 11 دنوں کے سفر کے دوران اس نے پانامہ اور سدرن کیریبیئن کا رخ کیا۔ اس خاص موقع پر ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
ماریو نے بتایا کہ 45 سال کی عمر میں انہوں نے دنیا گھومنے کا خواب پورا کرنے کے لیے ایک نئے باب کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا۔ سنہ 2000 میں رائل کیریبیئن کے کروز پر سفر کے بعد انہوں نے اسی لائن کے ساتھ جڑے رہنے کا فیصلہ کیا کیونکہ انہیں "شاہی مہمان" جیسا سلوک ملتا ہے۔ ماریو اب رائل کیریبیئن کے سب سے اعلیٰ درجے کے ممبر ہیں۔ وہ 2022 میں 10 ہزار پوائنٹس عبور کرنے والے پہلے مسافر بنے۔
ماریو نے 2019 میں بتایا کہ وہ روزانہ کے خرچے کے طور پر تقریباً 185 ڈالر (تقریباً 51 ہزار پاکستانی روپے) خرچ کرتے ہیں، جس میں کروز کا کرایہ، کیبن، ٹیکسز اور ٹِپس شامل ہیں لیکن اس میں شراب، سیر و تفریح یا وائی فائی شامل نہیں۔ ان کا سالانہ بجٹ ایک اندرونی کیبن کے لیے 72 ہزار ڈالر (تقریباً 2 کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ امریکہ میں اوسطاً سالانہ "اسسٹڈ لیونگ" کا خرچہ ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے اس لیے انہیں کروز پر رہنا زیادہ سستا پڑتا ہے۔