مچھلیوں کا تھری ڈی سکیننگ کے ذریعے آن لائن ڈیٹا اکٹھا کرنے کا منصوبہ
واشنگٹن(خصوصی رپورٹ) امریکی سائنسدان نے دنیا کی تمام مچھلیوں کو تھری ڈی اسکین کرکے ا?ن لائن رکھنے کا ایک منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت ہزاروں مچھلیوں کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کی غرض سے مفت فراہم کیا جائے گا۔یونیورسٹی آف واشنگٹن کے پروفیسر چاہتے ہیں کہ طالبعلم اور اسکالرز کیلیے تھری ڈی مچھلیوں کی اشکال اور ان کیڈھانچے کو اسکین کیا جائے تاکہ وہ اس کا مطالعہ اور تحقیق کرسکیں۔ لیکن اب تک دریافت ہونے والی 25 ہزار مچھلیوں کے اصل نمونے حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ ماہر پروفیسر سی ٹی اسکینر کے ذریعے ہر مچھلی کو اسکین کررہے ہیں اور انہیں ایک اوپن سائنس فریم ورک پر رکھ رہے ہیں جہاں سے لوگ فائل شیئرنگ کے ذریعے ان مچھلیوں کی تصاویر اور ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ تھری ڈی ماڈل کو زوم کرکے ہر زاویے سے دیکھنا بھی ممکن ہوگا جب کہ انہیں تھری ڈی پرنٹر سے پرنٹ بھی کیا جاسکے گا۔پروفیسر کے مطابق اس کام سے تھری ڈی ڈیٹا کی افادیت ثابت ہوگی۔ اس کے بعد دنیا بھر کی جامعات، میوزیم اورماہرین کی جانب سے پروفیسر کو مچھلیوں کے نمونے فراہم کرنے کی پیشکش ہورہی ہے۔ امریکی سائنسدان کے پاس اس وقت 515 مچھلیاں موجود ہیں اور انہیں دنیا بھر سے مچھلیاں جمع کرنے میں 2 سے 3 سال لگ جائیں گے۔