ایک اوراونٹنی ظلم کاشکار

ایک اوراونٹنی ظلم کاشکار
ایک اوراونٹنی ظلم کاشکار
کیپشن: فائل فوٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

عمر کوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کے شہر عمر کوٹ میں اونٹنی کی ہلاکت کا دردناک واقعہ سامنے آیا ہے،تحصیل کنری میں مورجھنگوموڑ پر چاروں ٹانگیں کٹی ہوئی مردہ اونٹنی ملی ہے، اونٹنی کے مالک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نامعلوم افراد نے اونٹنی کی ٹانگیں کاٹ کر اس کی لاش سڑک پر چھوڑ دی ہے۔

 عمر کوٹ کے رہائشی عبدالرشید کپری کے مطابق ان کی اونٹنی گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھی، جو گزشتہ روز دوسرے اونٹوں کے ساتھ چرنے گئی تھی۔صبح گاؤں کے لوگوں کے اطلاع دینے پر معلوم ہوا کہ ان کی اونٹنی مورجھنگوموڑ پر مردہ پڑی ہے، اور اس کی چاروں ٹانگیں کٹی ہوئی ہیں۔

عبدالرشید کپری کا کہنا ہے کہ ابھی معلوم نہیں ہے کہ اونٹنی کی ٹانگیں زندہ حالت میں کاٹی گئی ہیں یا مرنے کے بعد کاٹی گئیں۔کسی پر الزام نہیں لگانا چاہتے، ابھی معلومات کررہے ہیں، انہوں نے پولیس کو تاحال واقعے کی اطلاع نہیں دی ہے۔ 

ابتدائی رپورٹ کے مطابق اونٹنی کی ٹانگیں مردہ حالت میں کاٹی گئیں ہیں،تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائیگا۔ 

یاد رہے کہ کچھ روز قبل سندھ کے ضلع سانگھڑ میں سنگدل وڈیرے نے تیزدھار آلے سے اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔

سانگھڑ کے علاقے منڈ جمڑاؤ کے شہری سومربَھَن کے مطابق ان کی اونٹنی ایک وڈیرے کی زرعی زمین پر چلی گئی تھی، جس پر وڈیرے نے ملازمین کے ہمراہ اونٹی پر تشدد کیا اور پھر تیز دھار آلے سے ٹانگ کاٹ دی تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سانگھڑ میں غریب کی اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا نوٹس لیے جانے کے بعد 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔