ایک دوسرے کو کافر قرار دینا اسلامی اصولوں کے منافی ہے : ڈاکٹر قبلہ ایاز

ایک دوسرے کو کافر قرار دینا اسلامی اصولوں کے منافی ہے : ڈاکٹر قبلہ ایاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) ڈاکٹر قبلہ ایاز چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو کافر قرار دینا اسلامی اصولوں کے منافی ہے اور 73 کے آئین پر پوری طرح عمل کر کے دہشتگردانہ اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں کا قلع قمع کیا جا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ کونسل آف ریلیجنز پاکستان کے زیر اہتمام 2روزہ’’علمی و مشاورتی کانفرنس‘‘ سے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی کے لئے پرامن پاکستان لازمی ہے۔ سرمایہ استحکام مانگتا ہے جو امن کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھیک مانگنے والے ممالک کبھی آزاد خارجہ پالیسی نہیں بنا سکتے۔ پوری دنیا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے پیچھے لگی ہوئی ہے جس کی تازہ ترین مثال یہ ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا جا رہا ہے جو پاکستان کی خوشحالی کے لئے انتہائی خطرناک ہو گا۔ انہوں نے علماء کرام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا قومی بیانیہ امن کے حوالے سے ہونا چاہئے تاکہ پوری دنیا میں پرامن پاکستان کا پیغام جا سکے۔ امن سے ترقی ہو گی جس سے معیشت مضبوط ہو گی اور پاکستان کو دنیا میں عزت ملے گی۔ کانفرنس سے مولانا یٰسین ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مجلس ادیان پاکستا ن نے ہمیشہ وطن عزیز میں قیام امن کے لئے علماء اور مذہبی رہنماؤں سے مل کر کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اس قافلے میں اب سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کو شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی برداشت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دیں۔ حافظ محمد نعمان ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ کونسل آف ریلیجنز پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک غیر ملکی سروے کے مطابق 56% پاکستانی اپنے مذہبی رہنماؤں کی پیروی کرتے ہیں جواس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں قیام امن کے لئے علماء کرام کا کردار انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلک کی بجائے اسلام کی بات کی جائے تو مسائل پیدا نہیں ہوتے۔ کانفرنس سے مولانا الیاس گھمن، سمیحہ راحیل قاضی، سید مشاہد حسین (ڈی جی وزارت مذہبی امور) ، قاری نیاز حسین نقوی، مولانا یحییٰ عباسی، مولانا ندیم سرور جالندھری، مفتی محمد عثمان جالندھری، مفتی محمد عثمان، مولانا ابوذر حنفی، پیر شفاعت رسول، مجیب الرحمٰن شامی، مفتی راغب نعیمی اور ایم پی اے وحید گل نے بھی خطاب کیا مشاورتی کانفرنس کل بھی جارہے گی ۔
قبلہ ایاز