سوات اور گردونواح میں 4 اعشاریہ 7 شدت کا زلزلہ، کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا
سوات (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں اتوار کی دوپہر 4 اعشاریہ 7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ زلزلے کی وجہ سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات اور گردونواح میں آنے والے زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 7 محسوس کی گئی ہے جبکہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جہاں زلزلے کی گہرائی 194 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ ہوئی ہے ۔زلزلہ پیما مرکز کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ زلزلہ اتنی شدید نوعیت کا نہیں تھا جبکہ اس کی گہرائی بھی بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ بہت کم ہے ۔ اگر خدانخواستہ زلزلے کی گہرائی کم ہوتی تو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا خدشہ تھا۔