پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی پر بالآخر فرانسیسی فوج کا ردعمل بھی آگیا

پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی پر بالآخر فرانسیسی فوج کا ...
پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی پر بالآخر فرانسیسی فوج کا ردعمل بھی آگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پیرس (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی پر بالآخر فرانسیسی فوج کا ردعمل بھی آگیا اور   فرانسیسی فوجی ترجمان ایک نیوز بریفنگ میں رافیل طیاروں کی تباہی کی واضح تردید نہ کرسکے۔ جب اُن سے اس واقعے سے متعلق سوال کیا گیا تو وہ گول مول جواب دے کر نکل گئے، لیکن تسلیم کیا کہ واقعے کی تفصیلات ابھی غیر یقینی ہیں اور کئی پہلو تصدیق طلب ہیں۔

آج نیوز کے مطابق فرانسیسی فوج کے ترجمان کرنل گلاؤمے ورنیٹ کا کہنا تھا کہ وہ رافیل طیاروں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور بھارت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ درست معلومات حاصل کی جا سکیں۔فرانسیسی فوج کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر رافیل طیارے واقعی تباہ ہوئے ہیں تو یہ گزشتہ بیس برس کی آپریشنل سروس میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہوگا۔

ان کے مطابق اس فضائی لڑائی میں سینکڑوں طیاروں نے حصہ لیا اور وہ اس تجربے سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے وہ کارنامہ انجام دے دیا جو کوئی اور نہ کر پایا۔ دشمن کے غرور کا محل زمیں بوس کر دیا۔دنیا کے مہنگے اور جدید ترین جنگی طیارے ”رافیل“ کی تباہی نہ صرف بھارت بلکہ فرانس کے لیے بھی چونکا دینے والا لمحہ بن گئی۔ فرانس جو خود ان طیاروں کا خالق ہے، وہ بھی اب اس حقیقت کا سامنا کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔

یہ وہ لمحہ تھا جب دنیا نے دیکھا کہ پاک فضائیہ صرف نعرہ نہیں، عمل کا نام ہے۔ دشمن کے خواب چکنا چور، اور شاہینوں کا عزم بلند۔ اورنگزیب کا جملہ گونج اٹھا: ”چھ صفر!“ — یعنی دشمن کو مکمل طور پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔رافیل کے خلاف یہ پہلا کامیاب وار نہ صرف جنگی تاریخ کا سنگِ میل بن گیا بلکہ عالمی دفاعی توازن پر بھی گہرے اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

فرانس کی خاموشی، بھارتی میڈیا کی بوکھلاہٹ، اور عالمی مبصرین کی نظریں، سب کچھ اس بات کا اعلان کر رہے ہیں کہ آسمان پر ایک نیا بادشاہ اُبھر چکا ہے، اور اُس کا نام ہے ”پاک فضائیہ!“۔