تبدیلی کے دن ختم اور حکومت کے برے دن شروع ہوچکے:سینیٹر سراج الحق

تبدیلی کے دن ختم اور حکومت کے برے دن شروع ہوچکے:سینیٹر سراج الحق
 تبدیلی کے دن ختم اور حکومت کے برے دن شروع ہوچکے:سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ثمر باغ(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تبدیلی کے دن ختم اور حکومت کے برے دن شروع ہوچکے،ملک میں قانون کی بالادستی اور حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا ، عا م آدمی کی عدلیہ تک رسائی اور آزاد عدلیہ کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں،بے لاگ و شفاف احتساب کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ،احتساب دو خاندانوں تک محدود ہو کر رہ گیاہے جس سے انتقام کا تاثر گہرا ہورہاہے،9 سالوں میں شرح نمو اپنی کم ترین اور مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے،86 دنوں سے کشمیر میں  بدترین کرفیو ہے مگر حکومت کوئی عملی اقدام اٹھانے اور لائحہ عمل دینے کے لیے تیار نہیں، جب تک ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی ، لاقانونیت اور انارکی کا راج رہے گا ۔

 ثمر باغ میں تحصیل بار کے دورہ کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تبدیلی کے دن ختم اور حکومت کے برے دن شروع ہوچکے ہیں،آئین و قانون کی بالادستی پر یقین نہ رکھنے والے حکمرانوں سے تبدیلی کی امید لگانے والوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے،یوٹرنز نے پی ٹی آئی حکومت کے تبدیلی کے تمام نعروں کو کھوکھلا ثابت کردیاہے،ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج ہورہاہے، معاشی صورتحال الارمنگ پوزیشن پر کھڑی ہے،کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں ان حالات میں بھی حکمران قوم کو سبز باغ دکھانے سے باز نہیں آرہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران قوم کو آزادی ٔکشمیر کا روڈ میپ دے کر اس پر عملدرآمد شروع کردیتے تو عوامی غم و غصہ کو ٹھنڈا کیا جاسکتا تھا لیکن حکمرانوں نے ٹرمپ اور اقوام متحدہ کے جھانسے میں آ کر کشمیریوں سے بے وفائی اور اللہ کے احکامات سے روگردانی کی جس کی سزا بہر حال انہیں بھگتنا پڑے گی۔