دھرنے کے خفیہ کرداروں کو بے نقاب کرنے کی وجہ سے آفتاب سلطان پی ٹی آئی کے نشانے پر ہیں: اعزاز سید
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی اعزاز سید کا کہنا ہے کہ آئی بی چیف آفتاب سلطان نے 2014 کے دھرنے کے پیچھے کے خفیہ کرداروں کو بے نقاب کیا تھا جس کی وجہ سے پی ٹی آئی نے انہیں آج کل نشانہ بنایا ہوا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعزاز سید نے کہا کہ 2014 کے دھرنے کے دوران انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) نے دھرنے کے پیچھے چھپے خفیہ کرداروں اور اس کے محرکات کا ڈیٹا اکٹھا کیا اور وزیر اعظم کو دیا ، اس ایجنسی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ اس دھرنے کے پیچھے کون ہے، دھرنے کے پیچھے ایجنسیوں کے لوگ بھی تھے جن میں سے اب کچھ ریٹائر ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل پی ٹی آئی نے آئی بی چیف کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بورے والا میں مرد کا مرد سے نکاح، شہری نے اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی
انہوں نے کہا کہ آفتاب سلطان وہ واحد آئی بی چیف ہیں جنہیں دو مختلف پارٹیز کی حکومتوں نے اپنا آئی بی چیف بنایا، پی پی دور میں بھی یہی آئی بی چیف تھے۔ انٹیلی جنس بیورو کے لوگوں نے آفتاب سلطان کی نواز شریف سے ملاقات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی لندن آمد پہلے سے شیڈول تھی کیونکہ انہوں نے برطانوی ایجنسیز ایم آئی فائیو اور ایم آئی 6 کے چیفس سے ملاقاتیں کرنی تھیں۔ انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں جاننے کیلئے نواز شریف سے ملاقات کی۔ کسی کا اپنے سابق باس سے ملنا غیر معمولی واقعہ نہیں ہے، جب یوسف رضا گیلانی کا بیٹا اغوا ہوا تو وہ اسی آئی بی چیف کے ساتھ رابطے میں تھے۔