رواں مالی سال ترقیاتی فنڈز کا استعمال شرمناک حد تک کم ہے،تنویر کائرہ
لاہور ( نمائندہ خصوصی )سابق وزیر خزانہ پنجاب اور پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے سیکریٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے حکومت پنجاب کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا رواں مالی سال میں استعمال شرم ناک حد تک کم ہے جبکہ اس مالی سال کے 9مہینے پہلے ہی گزر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف 50 فیصد سے بھی کم ترقیاتی فنڈز استعمال کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت اور نوکرشاہی آپس کی ملی بھگت سے قومی دولت کو بے دریغ خرچ کرنے کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے ٹینڈر جاری کرے گی اور پھر من پسند کمپنیوں کو قانون سے بالاتر ہو کر انکو ٹھیکے گی جس سے قومی دولت کا ضیاع ہو گا لیکن اس سے ان کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی سست رفتاری سے یہ منصوبے اگلے سال کے مالی سال میں شامل کئے جائیں گے جس سے ان منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو گا۔ اسکے علاوہ ان منصوبوں کے وقت پر مکمل ہونے سے جو عوام کو فوائد حاصل ہونے تھے وہ ان سے محروم رہیں گے جس سے قومی خزانے کا نقصان بھی ہو گا اور عوام بھی متوقع فوائد اٹھا نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر ہے اور یہ مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتی ہے۔ انہوں نے یاددلایا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہاتھ کے پنکھے سے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے تھے لیکن اب موجودہ حکومت کو دو سال سے بھی زیادہ عرصہ ہو گیا ہے لیکن حکومت ابھی تک ایک میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔