وژن ود آؤٹ بیریئرز نامی ادارہ بصارت سے محروم افرادکا سہار ا بن گیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں بصارت سے محروم افراد ایک ایسے معاشرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جہاں ان کے لیے بنیادی سہولیات بھی نایاب ہیں۔ تاہم، ایک نئی امید نے جنم لیا ہے۔ امریکہ میں قائم غیر منافع بخش ادارہ "وژن وِد آؤٹ بیرئیرز" (VWB)، جو ایک پاکستانی نژاد نابینا شخص کی قیادت میں کام کر رہا ہے، ملک میں تعلیم کے میدان میں ایک خاموش انقلاب برپا کر رہا ہے۔ویژن وِد آؤٹ بیرئیرز کی کاوشوں سے لاہور کے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں 2022 میں پہلا ہائی ٹیک لیب قائم کیا گیا جو بصارت سے محروم طلبہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ اس کامیابی سے متاثر ہو کر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (LCWU) میں بھی ایسا ہی لیب 2024/25 میں قائم کیا گیا، لیکن تاحال سرکاری رکاوٹوں کے باعث فعال نہیں ہو سکا۔ VWB کی کوشش صرف فزیکل انفراسٹرکچر تک محدود نہیں، بلکہ وہ اساتذہ کی تربیت، سافٹ ویئر، اور تعلیم کے جدید طریقہ کار کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ VWB بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ زندگی کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ جدید چھڑیاں، رہنمائی اور نقل و حرکت کی تربیت، آزاد زندگی کے ہنر اور ڈیجیٹل ٹولز فراہم کر رہا ہے۔اس کے ساتھ ہی، VWB نے ثقافتی، تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی ان طلبہ کو شامل کرنے کے اقدامات کیے ہیں، جیسے نابینا کرکٹ، ڈرامہ، موسیقی، اور مباحثے۔ علاوہ ازیں، وہ مستقبل میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کوڈنگ اور ہنر پر مبنی تربیتی پروگرامز بھی شروع کرنے جا رہا ہے۔ ویژن وِد آؤٹ بیرئیرز کی جانب سے اسکالرشپس، اعزازات اور میڈیا میں نمایاں کامیاب طلبہ کی تشہیر جیسے اقدامات ان نوجوانوں کے حوصلے بلند کر رہے ہیں۔