پاکستان میں گندم کی اوسط پیداوار بہت کم ہے، جامعہ زرعیہ
فیصل آباد (اے پی پی)تحقیقاتی ادارہ شور زدہ اراضیات نے مختلف تجربات کرکے تھور زدہ زمینوں کی اصلاح اور ان کی پیداواری صلاحیت بحال کردی ہے جس کے تحت گندم کے کاشتکار سفارشات پر عمل کرکے تھورزدہ زمینوں کی پیداواری صلاحیت بڑھاتے ہوئے گندم کی کامیاب فصل کاشت کرسکتے ہیں۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ ہمارے ملک میں گندم تقریبا15سے20لاکھ ایکڑ تھورزدہ زمین پربھی کاشت کی جاتی ہے تاہم پاکستان میں گندم کی اوسط پیداوار بہت کم ہے جو کہ تقریبا 29سے30من فی ایکڑ ہے جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ گندم تقریبا 15سے20لاکھ ایکڑ تھورزدہ رقبہ پر کاشت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اپنی زمینوں کالیبارٹری سے تجزیہ کرائیں اور اس کی اصلاح کیلئے جپسم کی صحیح مقدارز مینوں میں ڈالیں۔انہوں نے کہاکہ پاسبان 90،اور آری 2011 وغیرہ تھورزدہ زمینوں کیلئے گندم کی موزوں اقسام ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کلروالی زمینوں میں عام زمینوں کی نسبت بیج کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے اسلئے کاشتکار کلر والی زمینوں میں 20نومبرتک شرح بیج 60کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں۔
۔انہوں نے کہاکہ گپ چھٹ کا طریقہ کلر والی زمینوں میں کاشت کیلئے موزوں ہے لہذا اس طریقہ کاشت سے پہلے زمین کو خشک حالت میں چیزل ہل دو دفعہ چلائیں پھر دوتین دفعہ ہل اور سہاگہ چلا کر اچھی طرح بھر بھرا کرلیں اور کھیت کے کیارے بنالیں اس کے بعد کھیت کو پہلے پانی کے ساتھ 100کلوگرام فی ایکڑ گندھک کا تیزاب کھیت میں ڈال دیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار یہ خیال رکھیں کہ کھیت میں پانی تین انچ کے قریب کھڑا ہو پھر اس کھڑے پانی میں گندم کا بیج(بیج کو کم ازکم 24گھنٹے کاشت کرنے سے پہلے پانی میں بھگو لیں) کھیت میں اس طریقے سے چھٹہ کریں کہ بیج زمین کے اندر چلا جائے یعنی چھٹہ ذرا زور سے دیں۔انہوں نے کہاکہ کھیت میں گندھک کا تیزاب ڈالنے سے زمین کافی نرم ہوجاتی ہے اور بیج آسانی سے اس کے اندر دھنس جاتا ہے۔علاوہ ازیں بیج چھٹہ کرنے کے فورا بعد پانی کے اندر چھاپا(درخت کی بڑی شاخ) لے کر اسے پانی کے اندر اندر کیاروں میں پھیر دیں اس سے جو گندم کا بیج زمین کی سطح پر رہ گیا ہوگا وہ مٹی کے اندر چلا جائے گاتاہم اس طریقہ میں خیال رکھا جائے کہ 8سے 10دن کے لیے کھیت کی اوپر کی سطح خشک نہ ہونے پائے اور موسم زیادہ گرم ہو تو ہلکا سا پانی لگا دیں کیونکہ اس طریقہ سے گندم کا اگا بہت اچھا ہوتا ہے۔\932