ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری پاکستان کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی : فیصل امین گنڈ ا پور
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے پشاور میں عوامی آگہی واک کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس میں شرکت کرنے والے شہریوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جس طرح انکی اپیل پر سخت سردی اور بارش کے باوجود سرکاری ملازمین اور شہریوں نے واک میں قومی جذبے کے ساتھ شرکت کی ویسے ہی نئے ملی جوش و خروش سے وہ مردم شماری کا پورا عمل کامیابی سے مکمل کرنے میں سرکاری عملہ سے پورا تعاون کریں گے۔ ساتویں مردم شماری اور اس مقصد کیلئے انکی اپیل پر پشاور میں منعقدہ گرینڈ آگہی واک کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سردار فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس بامقصد واک کی بدولت نہ صرف مردم شماری پر زبردست عوامی شعور بیدار ہوگا بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگ ملک کی اس ساتویں اور پہلی اہم ترین ڈیجیٹل مردم شماری کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں محکمہ شماریات و بلدیات کے عملے سے پورا تعاون کریں گے اور انہیں درست ترین معلومات بہم پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں مردم شماری کاعنقریب یکم فروری سے ملک بھر میں آغاز کیا جا رہا ہے، یہ پاکستانی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ صوبائی حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا میں محکمہ بلدیات و انتخابات تمام مراحل میں سنسس ڈویژن اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹیسٹکس کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس سلسلے میں اُنہوں نے لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں ساتویں مردم شماری کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا حوالہ بھی دیا جو پشاور کے ساتھ ساتھ ضم اضلاع سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئیں اور صوبائی حکومت نے اس ضمن میں بھی پورا تعاون کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی اس پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت محکمہ شماریات اور صوبائی حکومت کے اہلکار فیلڈ پر جاکر شہریوں کا مکمل ڈیٹا آن لائن نظام کے تحت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر ٹرینرز کی تربیت 23 دِسمبر تک مکمل ہوئی جس کے بعد 7جنوری سے 23جنوری تک انومریٹرزاپنا کام شروع کریں گے جس کے بعد اگلے مرحلے پر فروری میں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مردم شماری ایک اہم قومی فریضہ ہے جس پر ملک کے مستقبل کی منصوبہ بندی، تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کا دارومدار ہو تا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کی بہترین منصوبہ بندی کے لئے نئی مُردم شماری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ اِسلئے خیبر پختونخوا کی ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس حُکام سمیت پوری سرکاری مشینری محکمہ شماریات کے عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔اُنہوں نے عُلمائے کرام اور دیگر صاحب ِرائے طبقوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اِس سلسلے میں عوامی شعور اُجاگر کریں تاکہ یہ قومی فریضہ اور اس کے تمام مراحل پوری خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام پائیں۔ سردار فیصل امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ مردم شماری پر پاکستان کے آئندہ کئی عشروں کی منصوبہ بندی، تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کا انحصار ہے اسلئے زندہ قومیں ایسے مواقع پر مشنری جذبے کا مظاہرہ کرتی ہیں اور یہی توقع ہم اپنے باشعور اور محب وطن پاکستانی عوام سے بھی رکھنے میں حق بجانب ہیں۔ صوبائی سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی سید ظہیر الاسلام شاہ نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ساتویں قومی مردم شماری میں محکمہ بلدیات وفاقی محکمہ شماریات سے نہ صرف بھرپور تعاون کرے گا بلکہ انکی ضرورت، رہنمائی اور ہدایات کے مطابق محکمہ شماریات کے افسران و اہلکاروں کے شانہ بشانہ فیلڈ میں بھی رہے گا۔ انہوں نے صوبائی محکمہ بلدیات و انتخابات کے تمام اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں سنسس ڈویژن اور دفتر شماریات کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔