حکومت اقلیتی برادری کی مالی امداد کےلئے تمام عملی اقدامات اٹھارہی ہے،وزیر زادہ
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معا ون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ پشاور آل سیٹنس چرچ کے دھماکے میں اقلیتی برادری کے متاثرین کو ما لی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں قائم انڈومنٹ فنڈ کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتی برادری کے لیے قائم انڈومنٹ فنڈ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کیا، واضح رہے کہ مذکورہ فنڈ سے دھماکوں اور دہشت گردی سے اقلیتی برادری کے متاثرین کی ما لی امداد کی جائے گی، اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ، روی کمار، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف،ایڈیشنل کمشنر پشاور،محکمہ فنانس، محکمہ ریلیف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں اقلیتی برادری کے لیے قائم کردہ انڈومنٹ فنڈ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت اقلیتی برادری کی ما لی معاونت اور انکی بحالی کے لئے انڈومنٹ فنڈ کو بروئے کار لائی گی۔انہوں نے انڈومنٹ فنڈز کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کی مالی امداد کے لئے تمام عملی اقدامات اٹھارہی ہے، معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے خطیر رقم مختص کی ہے، اقلیتی برادری کے مسائل و مشکلات کے حل کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔