پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانیوالا پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کراچی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا ۔
پاکستانی ٹیم نے پانچویں روز صرف 15 اوورز قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 138 رنز کا ہدف دیتے ہوئے اننگز ڈکلیئر کر دی ، نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے 8ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رنز بھی بنا لئے مگر پھر کمر روشنی کے باعث میچ کو ختم کر دیا گیا ۔
آج میچ کے پانچویں روز پاکستان نے دوسری نا مکمل اننگز 77 رنز دو کھلاڑیوں کے نقصان سے شروع کی ، امام 45 اور نعمان علی 4 رنز کیساتھ کریزپر آئے ، نعمان آتے ہی ایل بی ڈبلیو ہو گئے تھے ۔
میچ کا مکمل حال
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کراچی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ، قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 438 رنز بنائے ۔ امام الحق نے 24 ،کپتان بابر اعظم نے 161،سعود شکیل نے 22،چار سال بعد واپسی کرنے والے سرفراز احمد نے 86 ،آغا سلمان نے 103 رنز بنائے ۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 612 رنز بنائے اور 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ٹام لیتھم نے 113،ڈیون کانوے نے 92 رنز بنائے جبکہ کین ولیمسن 200 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔
دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے 311 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے 138 رنز کا ہدف دیا ۔ عبدا للہ شفیق 17،امام الحق 96،شان مسعود 10،کپتان بابر اعظم 14 جبکہ سرفراز احمد نے 53 رنز بنائے ۔ سعود شکیل 55 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔