جہاز میں جب آپ پاخانہ کرتے ہیں تو فضلہ کہاں جاتا ہے؟ جواب آپ کے اندازے غلط ثابت کردے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ جب دوران پرواز ہوائی جہاز کا ٹوائلٹ استعمال کیا جاتا ہے تواس کی گندگی اسی وقت جہا ز سے باہر نیچے گر جاتی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ایک پائلٹ نے حقیقت بتائی تو کافی لوگ سن کر حیران رہ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق گیریٹ نامی اس پائلٹ نے بتایا کہ ٹوائلٹ کو جب فلش کیا جاتا ہے تو تمام فضلہ جہاز کے اندر ہی جمع ہوتا رہتا ہے۔
پائلٹ اپنے ٹک ٹاک ہینڈل @flywithgarrettپر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں بتاتا ہے کہ جہاز کے پچھلے حصے میں ایک ٹینک بنا ہوتا ہے جس میں یہ مواد جمع ہوتا رہتا ہے اور جب جہاز اپنی منزل پر پہنچ جاتا ہے تو وہاں زمینی عملہ اس ٹینک کو خالی کرتا ہے۔ گیریٹ کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے اب تک ساڑھے 3لاکھ سے زائد لوگ لائیک کر چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گیریٹ اپنی ویڈیو میں زمینی عملے کو ٹینک خالی کرتے ہوئے بھی دکھاتا ہے جو جہاز کے اس ٹینک سے ایک پائپ لگاتے ہیں اور تمام فضلہ اس پائپ کے ذریعے ایک گاڑی میں منتقل ہوتا ہے جواسے گٹر تک پہنچاتی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ایک بوئنگ 747طیارے میں 1200لیٹر فضلہ جمع کرنے کی گنجائش ہوتی ہے۔