میٹرو بس سسٹم اب ملتان میں
عام آدمی کو سفر کی انتہائی برق رفتار ،آرام دہ اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے لاہور ،اسلام آباد ،راولپنڈی کے بعد ملتان میں بھی میٹرو بس سسٹم کے عظیم الشان منصوبے کا افتتاح وزیراعظم محمد نواز شریف نے کیا ۔تقریب میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’’ ویلڈن شہباز شریف ویری گڈ‘‘اس پر وزیراعلیٰ پنجاب احتراماً کھڑے ہو گئے اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کا جناح ہال کافی دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا ۔اس موقع پر شہباز شریف کے چہرے پر خوشی کے آثار نمایا ں تھے ۔یقیناًوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کیلئے بہت اعزاز کی بات ہے کہ بڑے بھائی اور وزیراعظم نے میٹرو بس کی تکمیل پر شاباش دی ۔28ارب کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے 18.5کلو میٹر طویل ملتان میٹرو بس کا روٹبہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے براستہ چونگی نمبر 9،دولت گیٹ ،چونگی نمبر 14،ممتاز آباد ،بی سی چوک،جنرل بس سٹینڈ ،شاہ رکن عالم تا کمہاراں والد تعمیر کیاگیا ہے ۔اس منصوبے کا 12.5کلو میٹر فلائی اوور جبکہ 6.23کلو میٹر گراؤنڈ پر ہے ۔میٹرو روڈ پر کل 21سٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں جس میں 14سٹیشن فلائی اوور اور 7زمین پر ہیں ۔ملتان میٹرو بس سٹیشن پر عام زینے ،جدید ترین لفٹ اور یورپ سے درآمد شدہ جدید برقی زینے (اسکالیٹر)لگائے گئے ہیں اور ہر برقی زینے پر سنسر نصب ہے جو کسی رکاوٹ یا خاتون کا دوپٹہ الجھنے پر آٹومیٹک رک جائے گا ۔بس کے مسافروں کیلئے پسنجر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت بس میں نصب سکرین پر سٹیشن کا نام کمپیوٹر ریکارڈنگ کے ذریعے پکارا جاتا ہے ۔میٹرو بس کے دروازے سٹیشن پر آٹو میٹک کھل جاتے ہیں اور پھر دوبارہ بند بھی ہو جاتے ہیں ۔میٹرو بس سسٹم میں سیکورٹی کا جدید نظام موجود ہے ۔تمام سٹیشنز پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔کنٹرول مرکز سے تمام سٹیشنوں کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر نظر رکھی جا سکے گی ۔بس میں سفر کرنے والے افرا د کو ذاتی سواریوں کی پارکنگ کے لئے میٹرو بس روڈ کے ساتھ پارکنگ کی سہولت موجود ہے ۔میٹرو بس کا کرایہ بیس روپے ہے جبکہ روزمرہ سفر کرنے والے مسافر میٹرو بس کارڈ پر سفر کرتے ہیں ۔
جب وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی کا دورہ کیا اور استنبول میں میٹرو بس میں سفر کیا انہیں یہ منصوبہ بے حد پسند آیا اور ترکی حکومت کے تعاون سے لاہور میں میٹرو بس منصوبے کو مکمل کیا ۔اسلام آباد ،راولپنڈی کے بعد ملتان میں میٹرو بس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ۔میٹرو بس میں مزدور ،طلبہ ،بزرگ شہری ،بچے ،سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین سمیت عام لوگ بلا رکاوٹ آرام دہ سفرکرتے ہیں۔ملتا ن میں میٹرو بس میں پہلے روز تقریباً پچاس ہزار شہریوں نے سفر کیا اور سٹیشنوں پر لمبی قطاریں لگ گئیں ۔میٹرو بس کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے ۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے انیس سال قبل عوام کو معیاری اور آرام دہ سفر کی سہولت دینے کے لئے موٹر وے کا منصوبہ شروع کیا تھا اور اب ملک میں وزیراعظم نے موٹر ویز کا جال بچھا دیا ہے ۔بین الاقوامی معیار کی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کر کے ایک مرتبہ پھر پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ۔موٹروے کا منصوبہ بھی مسلم لیگ(ن)کے دو ر حکومت میں مکمل کیاگیا جو پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین منصوبوں میں شامل ہے اور اب وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب میں سڑکوں ،انڈر پاسز اوور ہیڈ بریجز کا جال بچھایا ہے اس لئے عوام محمد شہباز شریف کو جدید دور کا شیر شاہ سوری کہتے ہیں ۔صوبائی دارالحکومت میں سی این جی ،ایئر کنڈیشنڈ بسوں کی فراہمی کے بعد نا صرف اس کا دائرہ کار صوبے کے دیگر شہروں تک بڑھایا جارہا ہے بلکہ میٹرو بس سسٹم کے منصوبے مکمل کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر دیا ہے ۔ملتان شہر میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ گھمبیر ہو تا جارہا تھا ۔میٹرو بس کے آغاز کے بعد ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔یہ سروس تیز رفتار،محفوظ ،آرام دہ اور قابل اعتما د ذریعہ آمد و رفت ہے ۔