کے پی حکومت ایسے کام نہ کرے جس سے گورنر راج کی نوبت آئے: سردار سلیم حیدر
ٹوبہ ٹیک سنگھ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت ایسے کام نہ کرے جس سے صوبے میں گورنر راج لگانے کی نوبت آئے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس کے موقع پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ عوام نے ماردھاڑ کی سیاست کو مسترد کر دیا، امن وامان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتانہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بہت دکھ ہوا، بار بار وفاقی دارالحکومت پر یلغار کی شدید مذمت کرتا ہوں، کے پی حکومت احتجاج کے بجائے اپنے عوام کی مشکلات کا احساس کرے، کے پی حکومت ایسے کام نہ کرے کہ گورنر راج کی نوبت آئے۔
سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا معاشی استحکام دشمنوں سے دیکھا نہیں جارہا، میں گورنر ہاو¿س بیٹھنے پر نہیں بلکہ باہر نکل کر کام کرنے پر یقین رکھتا ہوں، پی پی پی نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کئے ہیں، پی پی پی کی قیادت ہمیشہ عوام کے درمیان پائی جاتی ہے اور ہمیشہ سے ورکر جماعت رہی ہے، پیپلزپارٹی غریب اور پسے ہوئے طبقے کی پارٹی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو نوجوانوں کے لیڈر ہیں، اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو ہوں گے، لوگ بہت تیزی سے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔