صوبہ سندھ میں ہندو کمیونٹی کے لئے پیر کو عام تعطیل کا اعلان

صوبہ سندھ میں ہندو کمیونٹی کے لئے پیر کو عام تعطیل کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے دیوالی کے موقع پر ہندو کمیونٹی کے لئے پیر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ نے ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ دیوالی منائیں حکومت آپ کی خوشیوں میں شریک ہے۔ انھوں نے ہندو کمیونٹی کے لئے پیر کو عام تعطیل کا اعلان بھی کیاہے۔چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن نے وزیراعلی مراد علی شاہ کی ہدایت پر ہندوبرادری کیلئے دیوالی کے اگلے روز پیر کو عام تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔یاد رہے اس سے قبل سندھ حکومت نے ہندؤں کے تہوار دیوالی پر اقلیتی برادری کی مالی معاونت کے لیے ڈھائی کروڑ روپے جاری کردیئے تھے، محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے ڈھائی کروڑ روپے اقلیتی برادری میں مستحقین کے درمیان فی کس پانچ ہزار روپے کے طور پر تقسیم کیے جارہے ہیں۔گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے دیوالی سے قبل تمام ہندو ملازمین کو تنحواہیں، پینشن سمیت تمام الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت ایڈیشنل فنانس سیکریٹری کو 30 اکتوبر سے قبل ادائیگی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا۔واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں قومی اسمبلی میں ایک قرار داد منظور کی گئی تھی، جس میں ہولی، دیوالی اور ایسٹر کے موقع پر اقلیتوں کو چھٹی دیئے جانے کا کہا گیا تھا، قرار داد مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے پیش کی تھی جس میں ہولی، دیوالی اور ایسٹر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔