حکومت نے بے گھروں پر بم گرا دیا، نقشہ منظوری سے قبل بھاری ٹیکسوں کا نفاذ

حکومت نے بے گھروں پر بم گرا دیا، نقشہ منظوری سے قبل بھاری ٹیکسوں کا نفاذ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( خبر نگار ) عوام کی منتخب نمائندہ جمہوری حکومت نے گھر بنانے کے خواہش مند عوام پر نقشہ منظوری سے قبل نیا ٹیکس ’’ بم ‘‘ گرا دیا اور اب ملتان کے شہریوں کو نئے ٹیکس کے تحت 3 مرلے کے مکان کے نقشہ کی منظوری سے قبل 15 روپے فی سکوائر فٹ کے حساب سے 12150 روپے ‘ 5 مرلے کے مکان پر 35 روپے فی سکوائر فٹ کے حساب سے 47250 روپے جبکہ 10 مرلے کے مکان پر 55 روپے مربع فٹ کے حساب سے 148500 روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا ۔ وفاقی حکومت کے محکمہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر کے شعبہ ان لینڈ ریونیو نے ملتان کے ٹاؤنز کو نقشہ منظوری سے قبل ٹیکس وصولی یقینی بنانے بارے ہدایات جاری کردی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر ملتان کے ان لینڈ ریونیو آفیسر کنور عبدالرحیم کی طرف سے ٹاؤنز کو نقشہ منظوری کے حوالے سے جاری کیے گئے احکامات کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 7 سی اینڈ 7 ڈی کے تحت نئے گھروں کی تعمیر کرنیوالوں ‘ بلڈرز اور ڈویلپرز سے ٹیکس کی وصولی یقینی بنائی جائے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے مہنگائی میں پسے شہریوں سے گھر کاخواب بھی دیکھنے کا حق چھیننے کیلئے تمام حدیں پار کردی ہیں اور 3 مرلے سے بھی کم رقبے پر گھر بنانے والوں پر بھاری بھرکم ٹیکس کا نفاذ کردیا ہے ۔ اس وقت ملتان شہر میں گھر کانقشہ بنانے کیلئے ایک کنال تک کے گھر کی نقشہ فیس ایک روپیہ فی مربع فٹ ہے جبکہ ایف بی آر کے نئے ٹیکس بم کے تحت 750 مربع فٹ پر گھر بنانے والوں پر 15 روپے فی مربع فٹ ٹیکس عائد کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ 3 مرلے میں 810 مربع فٹ ہوتے ہیں اور اس طرح 3 مرلے کانقشہ پاس کروانے کیلئے 12150 روپے وفاقی حکومت کو ٹیکس دینا ہوگا جبکہ 751 فٹ سے 1500 فٹ تک ایریا کا گھر بنانے والے شہریوں سے 35 روپے فی مربع فٹ کے حساب سے جبکہ 1501 مربع فٹ سے زائد ایریا پر گھر بنانے والوں سے 55 روپے مربع فٹ کے حساب سے ٹیکس لاگو کر دیا گیا ہے اور اس طرح 5 مرلے کے گھر بنانے پر 47250 روپے جبکہ 10 مرلے کے گھر بنانے پر 148500 روٹے ٹیکس ادائیگی کرنی ہوگی ۔ اسی طرح کمرشل کیٹگری کے نقشوں پر 210 روپے فی مربع فٹ کے حساب سے ٹیکس لاگو کیاگیا ہے ‘ جبکہ رہائشی کالونیوں میں گھریلو اور کمرشل پلاٹوں کی فروخت پر بھی ٹیکس نافذ کر دیا گیا ہے ‘ رہائشی کالونی میں کمرشل پلاٹ کی فروخت پر ڈویلپرز سے 210 روپے مربع فٹ کے حساب سے ٹیکس وصول کیا جائیگا ‘ جبکہ گھریلو پلاٹوں کی فروخت می 120 گز کے پلاٹ پر 15 روپے فی گز ‘ 121 گز سے 200 گز تک کے پلاٹ پر 35 روپے فی گز جبکہ 201 گز سے زائد کے پلاٹ پر 55 روپے فی گز کے حساب سے ٹیکس لاگو کر دیا گیا ہے ۔ ان لینڈ ریونیو نے 27 ستمبر 2016 کو مراسلہ نمبری 183 کے تحت ٹاؤنز کو نیا ٹیکس شیڈول جاری کر دیا ہے ۔