قادر پورگیس فیلڈ کی گیس فرٹیلائزر انڈسٹری کو منتقل، بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ، لوڈشیڈنگ 3 گھنٹے زیادہ ہو گی: خواجہ آصف
لوڈشیڈنگ 15 گھنٹے تک ہو گی، ڈیزل سے مہنگی بجلی پیدا کریں گے: وفاقی وزیر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قادر پور گیس فیلڈ میں تکنیکی خرابی اور چار پلانٹس کی گیس فرٹیلائز انڈسٹری کو دینے کی وجہ سے 2 دنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ کر 15 گھنٹے تک ہو جائے گی جس کا ”انکشاف“ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قادر پور گیس فیلڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث پاور جنریشن ہاﺅسز کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس کے باعث آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کے شارٹ فال میں مزید 700 میگاواٹ کا اضافہ ہو جائے گا۔ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ گیس فیلڈ میں آنے والی تکنیکی خرابی اتوار کی صبح تک ٹھیک ہو جائے گی 200 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تکنیکی خرابی کے علاوہ گیس فیلڈ کے چار پلانٹس کی گیس فرٹیلائزر انڈسٹری کو دے دی گئی ہے جس کے باعث بجلی کے شارٹ فال میں 400 میگاواٹ کے قریب اضافہ ہو گا جس کے باعث ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں 3 گھنٹے کا اضافہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شارٹ فال عارضی ہو گا اور جلد ہی ڈیزل کے ذریعے بجلی پیدا کر کے اس شارٹ فال کو دور کر دیا جائے گا جبکہ ڈیزل سے بجلی پیدا ہونے سے بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گا تاہم یہ اضافہ صارفین پر نہیں ڈالا جائے گا بلکہ حکومت برداشت کرے گی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں اس وقت 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاہم اب لوڈشیڈنگ کا دورانیہ15 گھنٹے ہو جائے گا۔