پی آئی اے نے جہاز میں دوران سفر سگریٹ پینے پر عملے کو بھاری جرمانہ کر دیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن نے پرواز میں سگریٹ نوشی پر عملے کو فی کس1 لاکھ روپے جرمانہ کردیا ہے ۔
نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز" کے مطابق پی آئی اے پروازوں پر عملے کی سگریٹ نوشی پرانتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے عملے کو فی کس 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلہ یورپی سول ایوی ایشن (سی اے اے) سافا پروگرام کے تحت پی آئی اے طیارے کی انسپکشن کے دوران سموکنگ کے انکشاف پر کیا گیا جبکہ ائیر لائن انتظامیہ نے نو سموکنگ آن بورڈ پالیسی کی خلاف ورزی میں ملوث عملے کو ممکنہ جرمانے کا سرکلر جاری کردیا۔جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پرواز پر تعینات دیگر عملے کی جانب سے سگریٹ نوشی کرنے والے کے بارے میں رپورٹ کرنا ضروری ہے تاہم رپورٹ نہ کرنے والے عملے کو بھی1 لاکھ روپے فی کس جرمانہ عائد کیا جائے گا۔