یمن میں بھارتی نرس نے ایسا کام کردیا کہ اگلے ایک ماہ کے اندر اسے پھانسی چڑھا دیا جائے گا
صنعا (ڈیلی پاکستان آن لائن) یمن کے صدر رشاد العلیمی نے بھارتی نرس نمیشا پریا کی موت کی سزا کی توثیق کر دی ہے۔ وہ 2017 سے یمن میں ایک یمنی شہری کے قتل کے الزام میں قید ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سزا ایک ماہ کے اندر نافذ کی جائے گی۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت نمیشا پریا کی موت کی سزا کے حوالے سے آگاہ ہے اور ان کے خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم سمجھتے ہیں کہ پریا کا خاندان متعلقہ آپشنز کو تلاش کر رہا ہے اور حکومت اس معاملے میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔"
نمیشا پریا کے اہلِ خانہ خاص طور پر ان کی والدہ پریمہ کماری جو اس سال یمن کے دارالحکومت صنعا پہنچی تھیں، ان کی سزا کو معاف کروانے اور مقتول کے خاندان کے ساتھ خون بہا پر مذاکرات کی کوششیں کر رہی ہیں۔ تاہم حالیہ فیصلے کے بعد ان کی رہائی کا انحصار مقتول کے خاندان اور قبائلی رہنماؤں کی معافی اور خون بہا کی ادائیگی پر ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نمیشا پریا کو 2017 میں یمنی شہری طلال عبدو مہدی کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اگلے سال یمن کی ایک ٹرائل کورٹ نے انہیں موت کی سزا سنائی۔ ان کے اہلِ خانہ نے یمن کی سپریم کورٹ میں اپیل کی لیکن 2023 میں وہ اپیل مسترد ہو گئی۔
نمیشا پریا کیرالہ کے شہر پالکاڈ کی رہائشی اور تربیت یافتہ نرس ہیں۔ وہ چند سال تک یمن کے نجی ہسپتالوں میں کام کرتی رہیں۔ ان کے شوہر اور بیٹی 2014 میں مالی مشکلات کے باعث بھارت واپس آ گئے، اور یمن کی خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد وہ واپس نہ جا سکے۔ سنہ 2015 میں نمیشا نے مہدی کی مدد سے صنعا میں ایک کلینک قائم کیا کیونکہ یمنی قانون کے تحت صرف شہری ہی کاروبار کر سکتے ہیں۔ تاہم مہدی نے کلینک کی ملکیت پر قبضہ کر لیا اور نمیشا کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ نمیشا نے دعویٰ کیا کہ مہدی نے ان کے ساتھ زبردستی کی، ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا اور ان پر جسمانی تشدد بھی کیا جس کے بعد انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔