حکومت نے سعودی عرب کو ریکوڈک کے 15 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی خبریں مسترد کردیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کابینہ کے سعودی عرب کو ریکوڈک کے 15 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی خبریں مسترد کردیں۔
"ڈان نیوز" کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے سعودی عرب کو ریکوڈک شیئرز فروخت کرنے کی منظوری نہیں دی، اس حوالے سے معاملات ابھی تک طے نہیں پائے۔ سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، مثبت انداز سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سعودی عرب نے پاکستان میں موجود ریکوڈک کے سونے اور تانبے کے ذخائر میں حکومتی حصص حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ریکوڈک میں 50 فیصد حصص کی مالک بیرک گولڈ کارپوریشن اس کان کو دنیا کے سب سے کم توجہ دیئے جانے والے تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک قرار دیتی ہے۔اس وقت وزیر اعظم کے مشیر برائے خصوصی سرمایہ کاری جہانزیب خان نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ پاکستان نے کان میں اپنے حصص کی تشخیص کے لیے ایک بین الاقوامی مشیر مقرر کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ عمل 25 دسمبر 2023 سے پہلے مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد سعودی عرب سے بات چیت شروع ہو گی۔
واضح رہے کہ بیرک گولڈ کے علاوہ کان کا بقیہ 50 فیصد وفاق اور حکومت بلوچستان کے پاس ہے۔