3جون کو اینٹی نارکوٹکس کنٹری پروگرام کی لانچنگ اہم سنگ میل: شاہ زین بگٹی

  3جون کو اینٹی نارکوٹکس کنٹری پروگرام کی لانچنگ اہم سنگ میل: شاہ زین بگٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


         اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے پاکستان کے تمام تحصیل ہسپتالوں میں منشیات کے مریضوں کیلئے کم از کم 3 بیڈ مختص کرنیکی تجویز د ی ہے جس کو مرحلہ وار10 بستر فی ہسپتال تک لایا جائیگا، بڑے شہروں میں منشیات کے علیحدہ شعبے قائم کیے جائینگے،جیلوں کے ہسپتالوں میں بھی 10 بستر مختص کرنے کیساتھ سا تھ قیدیوں کیلئے علیحدہ بیرکس کا قیام عمل میں لایا جائیگا،وفاقی وزیر نے تجویز پیش کی کہ منشیات کے عادی قیدیوں کو بھی تعلیم اور ہنر سیکھنے کے بدلے سزا میں کمی کی جائے۔ پیر کووفا قی وزیر انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی کہ زیر صدارت وزارت میں اہم اجلاس ہواجس میں اقوام متحدہ کے خصوصی ادارے برائے منشیات کے نمائندوں کی جانب سے وفاقی وزیر کو ملک میں انسداد منشیات کے سالانہ کنٹری پروگرام کی لانچنگ پر بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی نے کہا 3جون کو کنٹری پروگرام کی لانچنگ ایک اہم سنگ میل ہے جو حکو مت ڈونر ایجنسیوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے توسط سے شروع کیا جا رہا ہے، ملک سے منشیات کے خاتمے کیلئے عالمی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے،علاوہ ازیں دس ہزار اہلکا ر وں کی بھرتی کیساتھ ساتھ خصوصی انٹیلی جنس برانچ قائم کی جائیگی،جو انسداد منشیات سمگلنگ کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کی عادت ختم کر نے کیلئے کونسلنگ سنٹر قائم کیے جائیں گے، ملک کے ہر بچے کو منشیات سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے،اس کیلئے متاثرہ خاندانوں کی اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن مدد کی جائیگی۔ وفاقی وزیر نے کہا بلوچستان میں منشیات کے خاتمے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،سندھ کے تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کے استعمال کے خاتمے کیلئے ایک منظم مہم شروع کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او اور یو این او ڈی سی کے تعاون سے منشیات سے چھٹکارے کیلئے مخصوص ادویات کی کم قیمت میں دستیابی کو بھی ممکن بنایا جائیگا۔وفاقی وزیر نے کہا منشیات سے چھٹکارا حاصل کرنیوالے افراد کی بحالی کیلئے تعلیم و ہنر سکھانے کیلئے ووکیشنل سنٹرز میں بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔
شاہ زین بگٹی