چیئرمین واپڈا نے پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)گیپکونے47 واں واپڈا انٹر یونٹ سرکل سٹائل کبڈی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ میپکو نے ٹورنامنٹ میں دوسری جبکہ فیسکو نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ تین روزہ ٹورنامنٹ کا اہتمام فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن اور واپڈا سپورٹس بورڈ نے کیا تھا۔چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور انعامات دیئے ۔ چیئرمین نے گیپکو ٹیم کے لئے ایک لاکھ روپے ، میپکو ٹیم کے لئے 75 ہزار روپے اور فیسکو ٹیم کے لئے 50 ہزار روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انہوں نے فیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن اور واپڈا سپورٹس بورڈ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔اُنہوں نے فائنل میچ دیکھنے کے لئے آنے والے اہلیانِ فیصل آباد کے جوش و جذبے اور کھیلوں سے لگاؤ کی بھی تعریف کی ۔اپنے خطاب میں چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا گذشتہ 55سال سے بھی زائد عرصے سے پاکستان میں کھیلوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے واپڈا اپنے کردار کو ایک نئے عزم کے ساتھ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے شدت پسندی ختم کرنے کیلئے کھیلوں کا فروغ نہایت موثر کردار ادا کر سکتا ہے اور اس مقصدکے پیش نظر واپڈا ایک جامع حکمتِ عملی تیار کر رہا ہے جس کے تحت ملک بھر میں کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات بھی شامل ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ)نے کہا کہ اُن کیلئے یہ بات خوشی کا باعث ہے کہ واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف قومی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کیلئے کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 58 ٹیمیں ہیں جن میں سے 34 مردوں جبکہ 24 خواتین کی ہیں ۔ اس وقت واپڈا کی 25 ٹیمیں قومی چیمپین جبکہ 21 رنرز اپ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا نے اپنی سماجی ذمہ داری(Corporate Social Responsibility) کے تحت ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 4 نئے اقدامات متعارف کرائے ہیں ۔ ان اقدامات میں واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ،واپڈا ایتھلیٹکس کولٹس، فوکس آن فٹنس اینڈ فیلڈنگ اور T-12کرکٹ شامل ہیں ۔