پشاور میں علماء اہلسنّت کا قتل قابل مذمت ہے،قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے ،ریاض حسین

لاہور( نمائندہ خصوصی) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے پشاو ر میں شیخ الحدیث علامہ غلام حضرت حنفی سیفی اور پیر طریقت خواجہ محمد حضرت سیفی کی ٹارگٹ کلنگ کے المناک واقعہ پر سخت غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں علماء اہلسنّت کا قتل قابل مذمت ہے۔ عالم دین باپ بیٹوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔ پشاور میں دن دیہاڑے علماء کا قتل خیبر پختون خواہ حکومت کی ناکامی ہے۔ علماء اہلسنّت کے قتل میں خارجی و تکفیری ٹولہ ملوث ہے۔ علماء دین کا ناحق خون بہانے والے اللہ کے عذاب سے بچ نہیں سکیں گے۔ علماء اہلسنّت کی شہادت کے درد ناک واقعہ سے ملک بھر کے اہلسنّت سخت اضطراب اور تشویش میں مبتلا ہیں۔
خیبر پختون خواہ حکومت علماء اہلسنّت کو تحفظ فراہم کرے۔ اہلسنّت کئی سالوں سے دہشتگردی کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود اہلسنّت دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیاں اہل حق کے عزم و حوصلہ کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اہلسنّت پشاو ر میں شہید ہونیوالے علماء اہلسنّت کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔