پیپلز پارٹی کا فتح جنگ جلسہ کیلئے قافلہ کل دن دوبجے روانہ ہوگا

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی فتح جنگ آمد اور جلسہ عام میں شرکت کیلئے پی پی پی راولپنڈی ، چکلالہ کینٹ کے کارکنان کا قافلہ کل بروز ہفتہ 2 بجے دن پیپلز سیکریٹریٹ امن ہاؤس لین 4 پشاور روڈ راولپنڈی کینٹ سے فتح جنگ کیلئے روانہ ہوگا . قافلے کی قیادت ضیاء آمریت کے دور میں راولپنڈی سے سب سے پہلے کوڑے کھانے والے سنئیر راہنماء ملک محمد صدیق ، بابائے محنت کشاں اور عظیم جیالے گل بہادر خان ، جاوید اقبال ایڈووکیٹ ، شکیل احمد اعوان ، عبدالماجد ملک ، ملک حیدر ، شیخ فیاض ، باجی خورشید ، خالد جیالا ، اسد علی حیدری ، بشارت بھٹی ، صادق خان ترین ، عبدالرؤف اعوان اور کاشف مغل کریں گے . بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ عام میں شرکت کیلئے اس ریلی کی ہدایت پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق ڈپٹی سیکریٹری پبلک ریلیشنز حاجی محمد گلزار اعوان نے کی جو نجی دورے پر برطانیہ گئے ہوئے ہیں . انہوں نے برمنگھم سے ٹیلی فون پر ریلی کے انتظامات بارے سنئیر راہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی شکل میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کا دوسرا جنم ہو چکا ہے اور ملک کے عوام ملک کو مسائل کے گرداب سے باہر نکالنے کیلئے پی پی پی کی جانب دیکھ رہے ہیں . ملک محمد صدیق ، گل بہادر خان ، جاوید اقبال ایڈووکیٹ اور دیگر راہنماؤں نے کہا کہ فتح جنگ کے عوام بلاول بھٹو زرداری کا شایان شان استقبال کریں گے اور عوام بڑی تعداد اس جلسہ عام میں شریک ہو کر ثابت کرے گی کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بسنے والی جماعت ہے اور وہی ان کے مسائل حل کرے گی .