پنجاب میں مزید ای روزگار سنٹر زجلد کھولے جائیں گے‘ چیئر مین پی آئی ٹی بی


لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور یوتھ افیئرز‘ سپورٹس ‘ آرکیالوجی اور ٹورازم کا مشترکہ ای روزگار پروگرام بیروزگاری کی شرح کم کرنے اور غیرملکی زرمبادلہ لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے گزشتہ روز لاہور کالج یونیورسٹی برائے خواتین میں قائم ای روزگار سنٹر کے اچانک دورے کے دوران طالبات سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا بہت جلد پنجاب کے دیگر شہروں میں مزید ای روزگار سنٹر کھولیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بیروزگار مرد و خواتین انٹرنیٹ پر کام کر کے پیسے سکیں۔ اظفر منظور نے یقین دلایا کہ ای روزگار پروگرام میں داخلے کیلئے عمر اور تعلیم کی حد میں نرمی کرنے پر سنجیدگی سے غور جاری ہے۔ڈی جی ای گورننس ساجد لطیف نے بتایا کہ ای روزگار پروگرام سے اب تک قریباً نو ہزارطلبا تربیت حاصل کر کے پونے نو کروڑ روپے کما چکے ہیں۔پنجاب بھر میں کل 25ای روزگار سنٹرز فعال ہیں جن میں سے پانچ خواتین کیلئے مخصوص ہیں۔