اصل اشٹام پیپر کی تصدیق کرنے والی ڈیوائس تیار،متعلقہ اداروں کو مہیا کر دی گئی

لاہور(عامربٹ سے)پنجاب حکومت نے جعلی اشٹام پیپرز کی روک تھام کے لئے تصدیق کرنے والی ڈیوائس تیار کر لی۔اشٹام پیپر کو ڈیوائس سے گزارنے کے بعد اس کے اصلی یا نقلی ہونے کی پہچان ممکن ہوگئی،صوبے بھر کی کوآپریٹو سوسائٹیوں ،ایل ڈی اے اور ٹاؤن انتظامیہ سے منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کی انتظامیہ کو مہیا کر دی گئی ،روزنامہ پاکستان کوملنے والی معلو مات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں جعلی اشٹام پیپرز اور اس کی تیاری میں ملوث مافیا کے ہاتھ روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے ایک ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو اصلی یا نقلی اشٹام پیپر کی فوری تصدیق کر دے گی۔ قبل ازیں جعلی اشٹام پیپرز کو پکڑنے اوراس کی تصدیق کا کوئی مربوط سسٹم نہ تھا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبضہ مافیا رجسٹریشن برانچوں کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے لوگوں کو ان کی قیمتی جائیدادوں محروم کر نے کے درپے تھا ،جعلسازی سے متعلق متعدد کیسز اب بھی محکمہ اینٹی کرپشن اور نیب میں زیر سماعت ہیں ۔جس کے بعد ایک ایسے سسٹم کی ضرورت بارہا محسوس کی گئی جس سے اشٹام پیپرکے اصلی یا نقلی ہونے کی تصدیق ہو سکے ۔ پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے ویژن اور ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے جعلی اشٹام پیپرز کی تصدیق اور پہچان کے لئے ایک ڈیوائس تیار کرکے پنجاب کی تمام ہاؤسنگ سکمیوں ،ایل ڈی اے اور کوآپریٹو سکیموں کی انتظامیہ کو مہیا کر دی گئی ہے ،اس حوالے سے سیکریٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑنے کہا ہے کہ اس ڈیوائس کی کامیابی سے لینڈ مافیا ،قبضہ مافیااور اشٹام پیپرز کی جعلسازی سے فائد ہ اٹھانے والوں کا قلع قمع ہو جائے گا ،جعلسازی کی روک تھام ہو گی عوام کی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنا دیا گیا ہے،اب جو شخص جعلی اشٹام پیپر استعمال کرے گا تو فوری طور پر پکڑا جائے گا ۔