چائلڈپروٹیکشن بیورو کی جانب سے بھکاری بچوں اور مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

لاہور ( جنرل رپورٹر) چیئرپرسن چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پرچائلڈپروٹیکشن بیورو کی جانب سے بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔سال 2016کے آغاز سے ہی بھکاری مافیا کے خلاف کاروائیوں کو تیز کر دیا گیا ہے اوراب تک 241بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا جا چکا ہے جس میں 178لڑکے اور 63لڑکیا ں شامل ہیں۔ ان تمام بچوں کو بیورو کی ریسکیو ٹیم نے دوران ریسکیو آپریشن شہر کے مختلف بازاروں، سگنلزاور سڑکوں سے تحویل میں لیا۔ بیورو کی ٹیم کی جانب سے گلبرگ، ڈیفنس، مون مارکیٹ،کریم بلاک مارکیٹ، جوہر ٹاؤن، برکت مارکیٹ، داتا دربار، کیولری گراؤنڈ، مال روڈ سمیت شہر کی تمام اہم سڑکوں اور بازاروں میں بھکاری بچوں کے خلاف ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تمام بچوں کو چائلڈپروٹیکشن کورٹ میں پیش کر کے قانونی تحویل حاصل کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان بچوں کیلئے تعلیم، رہائش اور خوراک کے انتظامات موجود ہیں۔ چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ بیورو کی جانب سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کر دیا گیاہے اور بھیک کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ؂