انٹر نیٹ کے پریکٹیکل امتحانات میں سفارشی، جونئیر ایگزامینرز کی تعیناتی انکشاف

انٹر نیٹ کے پریکٹیکل امتحانات میں سفارشی، جونئیر ایگزامینرز کی تعیناتی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(حافظ عمران انور)تعلیمی بورڈ میں انٹرمیڈیٹ کے پریکٹیکل امتحانات میں نجی اکیڈمیز اورپرائیویٹ کالجز کے طلبہ کو نوازنے کیلئے سفارشی، جونیئراور میرٹ کے برعکس ایگزامینرز کی تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے جس میں مبینہ طور پربورڈسیکریسی کا عملہ ملوث ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہورامتحانی بورڈ کے زیر اہتمام گیارہویں اور بارہویں کے پریکٹیکل امتحانات کیلئے لیب سنٹرز میں کالجز کے سینئر پروفیسرز اور سکولز کے سبجیکٹ سپیلسٹ اساتذہ کو نظر انداز کرکے جونیئر،ریٹائرڈ،سفارشی اساتذہ اور نجی اکیڈمیوں کے ٹیچرز کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ادوار کی طرح امسال بھی سرکاری تعلیمی اداروں کی نسبت طاقت ورپرائیویٹ ٹیچرز مافیا انٹر میڈیٹ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے کیلئے تمام حربے استعمال کررہا ہے جبکہ اس ٹارگٹ کے حصول کیلئے کنٹرولر آفس کو استعمال کرتے ہوئے تمام تر توانائیاںِ صرف کی جارہی ہیں جس کیلئے پرائیویٹ اکیڈمیز اور نجی کالجز مافیا امتحانی بورڈ میں اپنے تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے پریکٹیکل میں نمبرز حاصل کرنے کیلئے سنٹرز میں من پسند،سفارشی او ر جونیئر ایگزامینرز کو تعینات کروانے سمیت تمام حربے استعمال کئے جارہے ہیں تا کہ انٹر کے نتائج میں پوزیشن حاصل ہو سکے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ امسال پریکٹیکل امتحانات میں زیادہ سے زیادہ نمبرز اور بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے کیلئے اس طرح کے ہتھکنڈے کا استعمال پریکٹیکل امتحان کی شفافیت اور انٹر میڈیٹ امتحان کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور کے ایف سی کالج میں فزکس کے پریکٹیکل میں ریٹائرڈ ٹیچرمحمد اقبال اور قصور سے محمد اشرف ،کیمسٹری میں اخوان کالج برکی کے اسلم صغیراورکنگن پورہائر سیکنڈری سکول قصورکے مدثر شیخ کو پریکٹیکل ایگزامینرتعینات کیا گیا ہے، اسی طرح سائنس کالج کے امتحانی سنٹرمیں فزکس کیلئے ایم اے او کالج کے میاں محمد نعیم اور ریلوے روڈ کالج سے محمد عتیق الاسلام اور کیمسٹری کیلئے ریٹائرڈ ٹیچرضامن علی اور عارف ہائی سکول سے الطاف الرحمن کو پریکٹیکل ایگزامینرتعینات کیا گیا ۔لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی میں فزکس کیلئے گورنمنٹ کلیہ البنات کی ثمینہ کوثر اور شالیمار کالج کے جاوید ہاشمی کو پریکٹیکل ایگزامینرتعینات کیا گیا۔کیمسٹری میں اسلامیہ کالج سول لائنز کے صغیر احمداورسائنس کالج کے آصف مسعودکوایگزامینرتعینات کیا گیا ۔کنیئرڈکالج میں کیمسٹری کیلئے گلبرگ کالج برائے خواتین کی اظہرناہید اور جناح ڈگری کالج کی طاہرہ صغیر کو پریکٹیکل ایگزامینرتعینات کیا گیا ۔پنجاب کالج میں قائم کئے گئے امتحانی سنٹرز میں کیمسٹری کیلئے گیریثرن کالج کے محمد سروراور ریٹائرڈ ٹیچرصفدر حسین اور فزکس کیلئے ہائر سیکنڈری سکول کالا شاہ کاکو کے محمد حسین اور ریٹائرڈ ٹیچر مرزا عبدالرشید کو پریکٹیکل ایگزامینرتعینات کیا گیا ۔ذرائع نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں سائنس کالج،اسلامیہ کالج سول لائنز،لاہور کالج فاروویمن یونیورسٹی سمیت دیگر بڑے سرکاری کالجز کے پروفیسرز کوانٹر میڈیٹ میں پریکٹیکل ایگزامینرلگانے کے بجائے جونیئر، سفارشی اور نجی اکیڈمیز کے اساتذہ کو نوازنے اور پوزیشن حاصل کرنے کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر کنٹرولر امتحانات ناصر جمیل نے بتایا کہ انٹر میڈیٹ کے پریکٹیکل امتحانات میں ایگزامینرز کی تعیناتی میرٹ پر کی گئی ہے،کہیں بھی میرٹ سے ہٹ کر کوئی بھی پریکٹیکل ایگزامینر تعینات نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ کنٹرولنگ اتھارٹی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے امتحانی سنٹرز میں دودو ایگزامینرز کی تعیناتی کا کہا گیاجس کے بعد کچھ کالجز میں ریٹائرڈ ٹیچرز کو پریکٹیکل ایگزامینر تعینات کیا گیا۔

مزید :

صفحہ آخر -