کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہوٹلوں کے ’سٹارز ‘کا کیامطلب ہوتاہے؟انتہائی دلچسپ معلومات

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہوٹلوں کے ’سٹارز ‘کا کیامطلب ہوتاہے؟انتہائی دلچسپ ...
کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہوٹلوں کے ’سٹارز ‘کا کیامطلب ہوتاہے؟انتہائی دلچسپ معلومات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سیاح ہمیشہ سٹارز کو مدنظر رکھتے ہوئے رہائش کے لیے ہوٹلوں کا انتخاب کرتے ہیں، لیکن بہت سے لوگ نہیں جانتے ہوں گے کہ ہوٹلوں کی سٹارز کے حساب سے درجہ بندی کیسے ہوتی ہے، کون کرتا ہے اور ان سٹارز کا مطلب کیا ہے؟ہوٹلوں کے سٹارز دراصل ان میں گاہکوں کو دی جانے والی سہولیات کی غمازی کرتے ہیں۔ جو ہوٹل گاہکوں کو جیسی سہولیات مہیا کرتا ہے اس کو اتنے ہی سٹار دیئے جاتے ہیں۔ آئیے سب سے پہلے آپ کو بتائیں کہ کتنے سٹار والے ہوٹل میں کون کون سی سہولیات گاہکوں کو دی جانی ضروری ہیں۔

ون سٹار ہوٹل میں گاہکوں کو ایسے کمرے دیئے جاتے ہیں جن کے ٹائلٹ میںشاور یا نہانے کا ٹب اور بیسن پر صابن یا باڈی واش موجود ہو، کمرے کی روزانہ صفائی کی جاتی ہو اور تمام کمروں میں ریموٹ کنٹرول کے ساتھ ٹیلی ویژن کی سہولت موجود ہو۔
ٹو سٹار ہوٹل میں گاہکوں کوناشتہ فراہم کیا جاتا ہے، کمرے میں بیڈ کے ساتھ پڑھنے کے لیے میز اور لیمپ موجود ہوتا ہے، کمرے اور پبلک ایریا میں انٹرنیٹ کی سہولیت موجود ہوتی ہے اور واش روم میں صابن کے ساتھ ساتھ گاہکوں کو ٹوتھ برش، ٹوتھ پیسٹ اور شیونگ کٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔
تھری سٹار ہوٹل میں استقبالیہ پر سٹاف دن میں 14گھنٹے موجود رہتا ہے جبکہ فون پر یہ سہولت 24گھنٹے موجود ہوتی ہے۔ استقبالیہ کے ساتھ لاﺅنج ہوتی ہے اور گاہکوں کا سامان کمروں میں پہنچانے یا باہر لانے کے لیے سٹاف موجود ہوتا ہے۔ گاہکوں کوکپڑے سلائی کرنے، دھونے ، استری کرنے اور جوتے پالش کرنے کی سہولت بہم پہنچائی جاتی ہے۔ طلب کرنے پر گاہکوں کو اضافی تکیے اور کمبل دیئے جاتے ہیں۔
فور سٹار ہوٹلوں میں چھوٹا سا شراب خانہ موجود ہوتا ہے اور دن میں 16گھنٹے گاہکوں کو کمرے میں شراب یا دیگر مشروبات پہنچانے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ کمرے میں دیگر فرنیچر کے علاوہ کرسی، سائیڈ ٹیبل اور ان کے بہترین پوشش بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ طلب کرنے پر گاہکوں کونہانے کا لباس اور چپل بھی دی جاتی ہے۔
فائیو سٹار ہوٹلوں میں والٹ پارکنگ (جہاں ہوٹل کا ملازم گاہک سے گاڑی لے کر خود پارک کرتا اور واپسی پر اسے باہر نکال کر دیتا ہے)کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ ان ہوٹلوں میں ہر گاہک کے لیے ایک ملازم مختص کر دیا جاتا ہے جو صرف ان کے حکم کی بجاآوری کرتا ہے۔ یہاں وسیع و عریض استقبالیہ ہال ہوتا ہے جس میں گاہکوں کے بیٹھنے کے لیے صوفے اور میز موجود ہوتے ہیں اور انہیں مشروبات پیش کیے جاتے ہیں۔ ہر گاہک کا پھولوں کے گلدستے کے ساتھ خصوصی استقبال کیا جاتا ہے یا پھر پھولوں کا گلدستہ ان کے کمرے میں پہلے سے رکھ دیا جاتا ہے۔
ہوٹلوں کے سٹارز صرف 5تک ہی ہوتے ہیں لیکن دنیا میں کچھ ہوٹل ایسے ہیں جنہیں 7سٹار ہوٹل کہا جاتا ہے،فی الحقیقت وہ بھی 5سٹار ہی ہوتے ہیں لیکن ان میں چند اضافی سہولیات کی وجہ سے انہیں 7سٹار کہا جاتا ہے،ان میں دبئی کا برج العرب ہوٹل بھی شامل ہے۔ ایسے ہوٹلوں میں ہیلی پیڈ کی سہولت بھی موجود ہوتی ہے، ان ہوٹلوں میں کمروں کی آرائش بھی منفرد ہوتی ہے، ان ہوٹلوں میں گاہکوں کی پسند کے مطابق بھی کمروں کی آرائش کی جاتی ہے۔
1958ءمیں فوربیز نے سٹار ریٹنگ سسٹم کا آغاز کیا اور سالانہ 8000ہوٹلوں کی سہولیات کا جائزہ لے کر انہیں 1 سے لے کر 5تک سٹارز دیئے، فور بیز نے ہوٹلوں میں 800سہولیات کی فہرست بنائی اور دیکھا کہ کون سا ہوٹل ان میں سے کتنی سہولیات دے رہا ہے، اور پھر اسی تناسب سے انہیں سٹارز دیئے۔آج کل دیگر کئی کمپنیاں بھی سٹار گائیڈ جاری کر رہی ہیں۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -