ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر، اوما ن کی ٹیم میں 8 پاکستانی نژاد کرکٹرز منتخب

ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر، اوما ن کی ٹیم میں 8 پاکستانی نژاد کرکٹرز منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آئی این پی) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے کوالیفائی کرنیوالی اومان ٹیم کے 8کھلاڑی آبائی وطن پاکستان کیخلاف میچ کھیلنے کے خواہاں ہیں۔38 سالہ کپتان سلطان احمد کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں، تاہم مضبوط حریفوں کو ٹکر دینے کی پوری کوشش کرینگے۔تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ میں کوالیفائرز کے دوران عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلی بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کا موقع پانے والی اومان ٹیم میں شامل 8کھلاڑیوں کا آبائی تعلق پاکستان سے ہے، 38 سالہ کپتان سلطان احمد وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر اپنے کردار سے انصاف کرنے کیساتھ قیادت کی ذمہ داری بھی بخوبی نبھارہے ہیں، ایک انٹرویو میں انھوں نے بتایاکہ انڈر16اور بعدازاں فرسٹ کلاس کرکٹ میں کراچی کی نمائندگی کرچکا ہوں، 15سال قبل اومان کی ایک کمپنی کی جانب سے کھیلنے کیلیے یہاں آیا تھا، مستقل نوکری فراہم کیے جانے کے بعد یہیں کا ہو کر رہ گیا۔ڈومیسٹک کرکٹ میں 4 سال شرکت کے بعد یہاں کی قومی ٹیم میں شمولیت کا اہل ہوگیا تھا،ہم چوتھی کوشش میں کسی میگاایونٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں،دو بار ون ڈے اور ایک بار ٹی ٹوئنٹی کیلئے کوالیفائی کرنے کا مقصد حاصل نہ کرسکے،اس بار زیادہ بہتر تیاری کیساتھ کئی ایسی ٹیموں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوئے جن میں انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑی بھی شامل تھے۔ سلطان احمد نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ ہماری ٹیم میں بھارت سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز بھی موجود ہیں۔
  ہماری خواہش ہے کہ آئندہ سال شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں گرین شرٹس کے ساتھ میچ کھیلنے کا موقع ملے،میزبان بلو شرٹس سے مقابلہ بھی بڑی دلچسپی کا حامل ہوگا۔انھوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں نووارد ہونے کی وجہ سے میگا ایونٹ میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں، تاہم مضبوط حریفوں کو ٹکر دینے کی پوری کوشش کرینگے۔ ایک سوال پر انھوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے کوالیفائی کرکے وطن واپس آئے تو اومانی عوام نے بڑا پرتپاک استقبال کیا، ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کا بہترین سسٹم موجود ہے، سیزن کے دوران مختلف ٹیموں میں شامل 600 کھلاڑی شریک ہوتے ہیں، میدانوں کی تیاری، پچز کی دیکھ بھال اور کوچنگ کیلئے تجربہ کار اسٹاف موجود ہے، ہماری بہتر کارکردگی سے ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے مزید راستے کھلے ہیں، امید ہے اسپانسرز بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے آگے آئیں گے۔