جنات کا غلام۔۔۔تیسویں قسط

جنات کا غلام۔۔۔تیسویں قسط
جنات کا غلام۔۔۔تیسویں قسط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

معروف صحافی اور محقق ’’شاہد نذیر چوہدری ‘‘ کی اپنے سحر میں جکڑ لینے والی تحقیق پر مبنی سچی داستان ’’جنات کا غلام ‘‘

انتیسویں قسط پڑھنے کے لئے کلک کریں

ان کی بات سن کر میرے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی۔
پیر کاکے شاہ میرے اندر کے چور کو پہچان گئے تھے۔ میں سر سے پاؤں تک لرز گیا۔ بارش میں بھی پسینہ آ گیا۔ میں اس جگہ جیسے زمین میں دفن ہو گیا تھا۔ وہ میری نظروں سے غائب ہو گئے۔ بارش کا زور تھم گیا لیکن میں بھیگتا رہا ۔خاصی دیر گزر گئی تو میں نے واپسی کا ارادہ ملتوی کر دیا اورسیداں والی کی طرف چل دیا۔ راستے میں بانسوں کا ایک گنجان جھنڈ تھا۔ اسے عبور کیا تو دور دور تک فصلیں پانی میں ڈوبی نظر آئیں۔ وہاں مجھے ایک بوڑھی عورت ملی ۔ اس نے ہاتھ میں دودھ سے بھرا ڈول اٹھایا تھا۔ میں نے اس سے سیدزادے کے گھر کا پتہ پوچھا تو وہ بولی۔
’’پتر میں بھی ادھر ہی جا رہی ہوں میرے ساتھ چل‘‘
میں اس کے ساتھ نہیں جانا چاہتا تھا لیکن اس کی ایک بات سن کر میں اس کے ساتھ ہو لیا۔ کہنے لگی ’’پتر راستے میں گار اور پانی ہے۔ میں بوڑھی عورت ہوں۔ ڈرتی ہوں میرے گر جانے سے دودھ کا ڈول نہ گر جائے۔ پتر دودھ گر گیا تو آج کاکے شاہ کو دودھ نہ پلا سکوں گی‘‘
’’ماں جی ۔۔۔ یہ کاکے شاہ کون ہیں‘‘ میں نے اس کی بات سن کر اپنے تجسس کو بے نقاب کیا۔
’’لے پتر تو نہیں جانتا، اللہ کے سائیں ہیں۔ انہیں دنیا داری سے کوئی غرض نہیں ہے۔ بس اللہ اللہ کرتے رہتے ہیں۔ بولتے بہت کم ہیں۔ جو بات کہتے ہیں وہ پوری ہو جاتی ہے۔ تم نے جس سیدزادے کا پوچھا ہے اس کا گھر ان کے گھر کے قریب ہے‘‘ میں نے بوڑھی عورت کو ان کے نالہ ایک میں اترنے کا قصہ سنایا تو وہ بولی۔
’’پتر ہر سال کاکے شاہ نالے میں اتر کر سیلاب کو روکتے ہیں۔ اگر وہ یہ نہ کریں تو ہمارا گاؤں اور سارا شہر ڈوب جائے۔ پچھلے دو دن سے وہ گاؤں میں نہیں تھے۔ آج آئے ہیں تو لوگوں نے بتایا کہ سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے تو وہ اسی وقت نالہ ایک پر چلے گئے ۔ اب میں انہیں دودھ پلانے جا رہی ہوں۔ وہ کسی سے لے کر نہیں کھاتے لیکن انہیں میرے ساتھ بڑا پیار ہے۔ مجھے ’’سائیں شاہ دی رکھی‘‘ کہتے ہیں۔ ایک دن انہوں نے مجھے کہا کہ سائیں شاہ دی رکھی مجھے دودھ پلاؤ۔ میں نے کہا شاہ جی ہمارے پاس بھینس نہیں ہے۔ پتر ہم بڑے غریب لوگ ہیں۔ کہنے لگے اللہ دے گا۔ شاہ صاحب بہت کم باتیں کرتے ہیں۔ میں نے گھر جا کر اپنے خاوند کو یہ بات بتائی تو وہ بڑا خوش ہوا۔ کہنے لگا کہ اس کا مطلب ہے ہمیں بھینس مل جائے گی۔ وہ اسی وقت باہر نکل گیا اور رات گئے واپس آیا تو اس کے ہاتھ میں ایک بھینس کی رسی تھی۔ میرے پوچھنے پر کہ وہ یہ بھینس کہاں سے لایا تو وہ بتانے لگا کہ یونہی ایک خیال کے تحت کھیتوں میں چلتا جا رہا تھا کہ اسے ایک آدمی مل گیا یہ بھینس اس کے ساتھ تھی۔ کہنے لگا کہ اسے تھوڑے پیسوں کی ضرورت ہے۔ اگر وہ یہ بھینس خرید لے تو اس کا کام بن سکتا ہے۔ میرے خاوند کے پاس صرف دو روپے تھے۔ اس اجنبی نے دو روپے میں بھینس بیچ دی۔ میں نے صبح سویرے بھینس کا تازہ دودھ گرم کیا اور کاکے شاہ کی خدمت میں پیش ہو گئی۔ اب میں ایک وقت کے دودھ میں سے ایک پیالہ روزانہ انہیں پلانے جاتی ہوں ۔یہ سب ان کی دعاؤں کا اثر ہے۔ پچھلے سال میری بیٹی کو دورے پڑنے لگے تو میں اسے کاکے شاہ کے پاس لے کر گئی۔ میری بیٹی کو دیکھتے ہی ان کے چہرے پر مسکراہٹ آ گئی۔ اس کے سر پر پیار کرکے دو تین چپتیں ماریں اور دوبارہ مسکرانے لگے اور کہا ’’سائیں شاہ دی رکھی۔ دودھ کہاں ہے‘‘ پتر جی کاکے شاہ بڑا پیار کرنے والے انسان ہیں۔ کسی کو دکھ نہیں دیتے۔ اس روز کے بعد میری بچی کو کبھی دورہ نہیں پڑا۔‘‘
ہم باتیں کرتے ہوئے سیداں والی کے اندر داخل ہو گئے۔ اس نے ایک گھر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’یہ کاکے شاہ کا گھر ہے۔ دو گھر چھوڑ کر گلی میں داخل ہو جانا۔ اس سے پہلا گھر سیدزادے کا ہے‘‘پیر کاکے شاہ کے گھر کا دروازہ کھلا تھا۔ بوڑھی عورت اندر چلی گئی۔ میں نے سیدزادے کا گھر دیکھا اور پھر میں لوگوں سے پوچھتا ہوا اس کی حویلی تک چلا گیا۔ اس کی گھوڑی وہاں بندھی ہوئی تھی۔ میں رات ہونے کا انتظار کرنے لگا۔ بارش رک چکی تھی اور آسمان صاف ہو گیا تھا۔ عشا کی نماز کے بعد میں نے گھوڑی کھولی اور اسے پچکار کر حویلی سے باہر لے جانے میں کامیاب ہو گیا اور پھر میں اس پر سوار ہو کر نالہ ایک کی طرف چل دیا۔ میں نے اندازہ لگایا کہ گھوڑی ان راستوں سے آشنا ہے۔ میں جب بانسوں کے جھنڈ کے پاس سے گزرنے لگا تو یکایک ایک آواز نے گھوڑی کے اٹھتے قدموں کو جیسے زنجیریں ڈال دی تھیں۔
’’چورا ۔۔۔ تو باز نہیں آیا‘‘ پیر کاکے شاہ کی آواز میں قہر تھا۔ میں نے ان کی بات کا جواب نہ دیا اور گھوڑی کو ایڑھ لگاکر بھگانے لگا ۔ نالہ ایک پر پہنچا تو اس وقت چاند آسمان پر اپنی روشنیاں بکھیر رہا تھا۔ میں نے اس موقع کو غنیمت جانا اور گھوڑی سمیت نالہ ایک عبور کرنے لگا۔ پانی اب اتر چکا تھا لیکن جونہی گھوڑی ’’ایک‘‘ میں اتری پانی کا ایک زوردار ریلا اٹھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے پانی میرے سر تک آ پہنچا۔ ایک طوفانی لہر نے مجھے گھوڑی سمیت اٹھا کردور پھینک دیا۔ اس وقت میرا سر ایک بھاری پتھر سے ٹکرایا اور میں بے ہوش ہو گیا۔ اگلی صبح میری آنکھ کھلی دیکھا تو میرا سارا بدن آگ میں تپ رہا تھا۔ سر پر خون جما ہوا تھا اور بدن ٹوٹ رہا تھا۔ بڑی مشکل سے اپنے گاؤں پہنچا۔ گھر پہنچتے ہی میں بے ہوش ہو گیا۔ وید‘ حکیم‘ پیر فقیر سبھی آئے میرا علاج کرنے ۔۔۔ مگر مجھے ہوش نہ آیا۔ مجھ پر دیوانگی طاری ہو گئی۔ کئی مہینے تک میں بے ہوش پڑا رہا۔ کبھی کبھی میرے منہ سے پیر کاکے شاہ کا نام بھی نکل جاتا۔ لیکن ان دنوں ان کی زیادہ شہرت نہیں تھی۔ کوئی بھی نہ سمجھ سکا کہ میں ان کا نام کیوں لیتا ہوں۔ ایک روز ایک فقیر ہمارے گھر آیا۔ اس نے خیرات مانگی تو میری ماں نے اسے کہا کہ میرے بیٹے کے لئے دعا کرو۔ میں تمہارا منہ گھی شکر سے بھر دوں گی۔ فقیر نے جب مجھے دیکھا تو وہ زیرلب کچھ بدبدانے لگا۔ پھر ایک دم بولا ’’جن بھوت کا سایہ نہیں ہے۔ اسے کسی کی بددعا لگی ہے‘‘ اس وقت میرے منہ سے پیر کاکے شاہ کا نام نکل گیا تو فقیر چونک پڑا اور بولا ۔۔۔ ’’اسے پیر کاکے شاہ کے مزار پر لے جاؤ اور اس کی صحت کی منت مانگو‘‘۔ میری ماں اور بھائی مجھے سیداں والی لے آئے۔ معلوم ہوا کہ ان کا وصال ہو چکا ہے۔ میری ماں نے وہاں منت مانگی اور چند ہفتوں بعد میں صحت یاب ہونا شروع ہو گیا۔ میری دیوانگی اتر گئی۔ جونہی ذہن میں شعور کی بتیاں روشن ہونے لگیں میں کاکے شاہ کے مزار کی طرف بھاگ اٹھا۔ میں جانتا تھا کہ میں ایک بزرگ کی گستاخی کرکے عذاب میں مبتلا ہوا ہوں، اس کا علاج بھی ان کے پاس ہی ہے۔ لیکن اس وقت بہت دیر ہو چکی تھی۔ میں ان کی قبر پر جا کر بہت رویا لیکن مجھے سکون نہ ملا۔ پھر میں ان کے مزار پر ہی رہنے لگا۔ ہر جمعرات کو لنگر تقسیم کرتا۔ ایک روز پیر کاکے شاہ مجھے خواب میں ملے اور کہا ’’چورا ۔۔۔ میرے مزار سے چلا جا‘‘
پتر جی میری تو دنیا ہی لٹ گئی۔ میں اپنی قسمت کو روتا پیٹتا اس جگہ آ بیٹھا اور ساری عمر یہاں گزار دی۔ مجھے ان کے مزار پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ برسوں سے ہر جمعرات کو یہاں نان پکوڑے نذر نیاز کرتا ہوں اور اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ میری سختی دور ہو جائے‘‘
بابا بوٹا داستان حزن و ملال سنا کر ہچکیاں بھرنے لگا ’’پتر اس چوٹ کا درد وہی جانتا ہے جو اس درد سے گزرا ہو پتر جی میں تم سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ میری سفارش کرنا۔ ہو سکتا ہے سرکار کسی پردیسی کی لاج رکھ لیں‘‘
’’بابا‘‘ میرا دل اندر سے کٹنے لگا۔ میں بزرگوں سے انتہا درجے کی عقیدت تو رکھتا تھا مگر ان سے کچھ طلب کرنے کی جسارت نہیں کرتا تھا۔ صرف اپنے اللہ سے مانگتا تھا۔ میں نے انہیں تسلی دینا چاہی مگر الفاظ میرا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس اثنا میں ایک گڈری پوش جس نے سر تک چادر اوڑھی ہوئی تھی ہمارے پاس آ گیا۔ بابا بوٹا اسے دیکھتے ہی عقیدت سے اٹھا اور ان کے ہاتھ چوم کر کپڑے میں رکھے نان پکوڑے انہیں دے کر بولا ’’بابا ۔۔۔ دعا کی ہے ناں‘‘
گدڑی پوش نے اثبات میں سر ہلایا اور واپس چلنے لگا تھا کہ چند قدم چلنے کے بعد وہ رک گیا اور پلٹ کر ہماری طرف دیکھنے لگا۔ پھر سر سے چادر سرکا کر میری طرف دیکھا۔ اس کے چہرے پر نگاہ پڑتے ہی میں تڑپ کر رہ گیا۔
’’بابا آپ‘‘ میں بھاگ کر اس چادرپوش کے پاس پہنچا اور بے اختیار ہو کر ان کے چہرے سے نقاب ہٹائی۔ ان کی آنکھیں اور چہرہ مسکراہٹ کی تابانی سے منور تھا۔ بابا تیلے شاہ کا یوں بابا بوٹے کے پاس آ جانا میرے لئے اچنبھے کی بات تھی۔
’’یاد آ گئی ہماری‘‘ بابا تیلے شاہ نے چمکتی آنکھوں کے ساتھ شکوہ بھرے لہجے میں کہا۔
’’دیر ہو گئی بابا‘‘ میں عاجزی اور شرمندگی کے ملے جلے تاثرات کے ساتھ بولا ’’سچ تو یہ ہے کہ آج بھی میں ارادتاً نہیں آیا بلکہ لایا گیا ہوں‘‘
’’میں سمجھتا ہوں ۔ اگر تم آج بھی نہ ہوتے تو پھر تمہارا آنا نہ آنا ایک برابر ہوتا‘‘ وہ بولے
’’میں سمجھا نہیں‘‘ میں نے پریشان ہو کر پوچھا۔
تم جن سرابوں میں بھٹک رہے ہو ایک روز ان میں گم ہو کر رہ جاؤ گے اور تمہیں واپسی کا راستہ نہیں ملے گا‘‘ بابا تیلے شاہ نے کہا ’’آؤ ۔۔۔ مزار پر چلتے ہیں پھر باتیں کریں گے‘‘
میں ان کے ساتھ چلنے لگا تو بابا بوٹا دوڑتا ہوا میرے پاس آ گیا اور ہانپتی کانپتی آواز میں مجھے یاد دلانے لگا ’’پتر جی اپنا وعدہ نہیں بھولنا میرے لئے دعا کرنا‘‘ پھر وہ بابا تیلے شاہ کی طرف ملتجی نگاہوں سے دیکھنے لگا ’’سرکار یہ بچہ آپ کا پہچانو ہے تو میرا کام اب کی بار کر دیں۔ میری خلاصی کرا دیں۔ گناہ پہاڑوں سے اوپر ہو گئے ہیں۔ دل کو سکون نہیں ملتا سرکار ۔جب تک پیر کاکے شاہ معاف نہیں کریں گے میرا دم سکون سے نہیں نکلے۔‘‘
’’بابا‘‘ میں نے بابا بوٹے کے کاندھے پر ہاتھ رکھا اور کہا ’’تم بھی ہمارے ساتھ آ جاؤ۔ مل کر نوافل ادا کریں گے اور اللہ سے دعا کریں گے کہ تمہارے دل کو سکون مل جائے‘‘
’’ناں ۔۔۔ ناں ۔۔۔ ناں پتر‘‘ وہ ایک دم پیچھے ہٹ گیا‘‘۔ میں ایسی گستاخی نہیں کر سکتا جب مرشد نے اپنے مزار سے نکال دیا ہے تو میں وہاں کیسے جا سکتا ہوں۔ جب تک بلاوا نہیں آتا میں نہیں جا سکتا۔ پتر جی ۔۔۔ پہلے ہی ایک بار گستاخی کرکے سزا بھگت رہا ہوں۔ اب دوبارہ گناہگار نہیں ہونا چاہتا‘‘
’’حوصلہ رکھ بوٹے ۔۔۔ اللہ نے چاہا تو بوٹا دوبارہ ہرا بھرا ہو جائے گا‘‘ بابا تیلے شاہ نے اسے تسلی دی تو وہ آنسوؤں سے رونے لگا۔ میرا دل بڑا مکدر ہوا لیکن اسے تسلی دینے کے لئے میرے پاس مزید الفاظ نہیں تھے۔
میں بابا تیلے شاہ کے ساتھ ہو لیا۔ ان سے بہت سی باتیں کرنا چاہتا تھا لیکن وہ راستہ بھر خاموش رہے۔ میں نے ایک بات خاص طور پر محسوس کی تھی۔ ان کی چال میں وقار تھا اور لمبے لمبے ڈگ بھرتے تھے۔ سرنگوں چل رہے تھے۔ میں حیران تھا کہ وہ راستہ کو بغور دیکھے بغیر کیسے آرام سے چل رہے تھے۔ شاید اس لئے کہ اللہ والوں کو ظاہری آنکھوں کے بغیر بھی راستے نظر آتے ہیں۔ ان کے اندر ہزاروں آنکھیں روشن ہوتی ہیں جو پاتال سے آسمان کی بلندیوں تک قدرت کے حجابات کے اندرتک دیکھ لیتے ہیں۔ قلب و نظر کے کثیف معاملات ان سے چھپے نہیں رہتے۔ وہ زیر لب کچھ پڑھ بھی رہے تھے لیکن مجھے ہلکی ہلکی بھنبھناہٹ کے سوا کچھ سنائی نہیں دے رہا تھا۔ میں ان کے قدموں کا ساتھ دینے سے عاجز آ گیا تھا۔ مجھے باقاعدہ دوڑ کر ان کے ساتھ ساتھ چلنا پڑ رہا تھا اورے سے سیداں والی کا فاصلہ زیادہ نہیں تھا لیکن جس شخص کو کبھی لگاتار پیدل چلنے کی عادت نہ ہو اور پھر وہ بھی جوگنگ کے انداز میں چلنا پڑے تو وہ جلد ہانپ جاتا ہے۔ ہم جب اونچائی سے اتر کر پکی سڑک سے سیداں والی کی طرف جانے والی سڑک پر پہنچے تو سامنے مجھے بانس کے درختوں کا ایک جھنڈ نظر آیا۔ مجھے بابا بوٹے کی بات یاد آ گئی۔ سالہا سال سے یہ جھنڈ اسی طرح نظر آ رہا تھا۔ اس وقت میرا دل بری طرح دھڑک رہا تھا اور مجھ سے چلنا مشکل ہو گیا۔ میرے دل میں آیا کہ میں کچھ دیر کے لئے سستا لوں لیکن یہ بات زبان پر لاتے ہوئے مجھے گھبراہٹ سی ہونے لگی۔
’’تھک گئے‘‘ بابا تیلے شاہ نے میری طرف دیکھے بغیر رفتار کم کی اور میرے دل کا بھید جانتے ہوئے سوال کیا
’’ہاں بابا ۔۔۔ اب چلا نہیں جاتا‘‘ پیاس سے میرا برا حال ہو گیا۔ ہونٹ خشک ہو گئے۔ بابا تیلے شاہ کی بات سنتے ہی میں راستے کے ساتھ گزرتی ایک کھالی کے کنارے بیٹھ گیا۔ میرے عقب میں دھان کی سرسبز فصل لہلہا رہی تھی۔ کھیتوں کی اپنی ہی خوشبو ہوتی ہے ۔ دور تک لہلہاتے سرسبز کھیت انسان کی روح کو تروتازہ کر دیتے ہیں لیکن اس وقت میرے دل پر لہلہاتی فصلوں کے سحر انگیز ماحول نے بھی کوئی اثر نہ ڈالا۔ کھلی فضا میں بھی مجھے گھٹن محسوس ہو رہی تھی
بابا تیلے شاہ بھی میرے پاس آ بیٹھے اور میرے سر پر ہاتھ رکھ کر بولے
’’میرے بچے یہ راستہ تو کچھ بھی نہیں ہے۔ ادھر دیکھو میرے پیروں کی طرف دیکھو۔ میں پچھلے بیس برسوں سے ننگ پا ہزاروں لاکھوں میل پیدل چل چکا ہوں لیکن اپنی منزل پانے کے لئے میں نے اپنے پیروں کی کبھی نہیں مانی۔ تو جوان ہے‘ ابھی سے بیٹھ گیا ہے۔ اٹھ اور ہمت کر۔ ادھر دیکھ۔ مجذوب بابا کے مزار کا گنبد تجھے اپنی طرف بلا رہا ہے۔ وہ دیکھو گنبد کے اوپر۔ بابا سرکار کھڑے مسکرا رہے ہیں‘‘ میں نے اس طرف دیکھا اور مزار کا گنبد نظر آ رہا تھا۔ سورج عین اوپر چمک رہا تھا مگر مجھے وہاں کوئی نظر نہیں آیا۔
’’بابا مجھے تو کچھ دکھائی نہیں دے رہا‘‘ میں نے کہا
’’ْتمہیں نظر آئے گا بھی نہیں۔ میں جو دیکھ رہا ہوں۔ اٹھو۔ میری ریاضت کا وقت ہو رہا ہے۔ مجھے وہاں پہنچنا ہے‘‘
بابا تیلے شاہ نے میرا ہاتھ پکڑا تو میں غیر ارادی طور پر کسی معمول کی طرح اٹھ پڑا۔ ان کی رفتار اب بھی پہلے جیسی تھی ۔ اب کی بار میں ان کے قدم سے قدم ملا کر چل رہا تھا۔ میں اپنے اوپر حیران تھا کہ میرا تو پورا بدن تھکاوٹ سے چور چور تھا لیکن اب میں یوں چل رہا ہوں جیسے پہلی بار قدم اٹھا رہا ہوں۔ میں نے محسوس کیا کہ مجھے اپنی رفتار پر کوئی اختیار نہیں رہا تھا۔
کچھ دیر بعد ہم پیر کاکے شاہ کے مزار کے اندر داخل ہو گئے۔ یہ پرانی عمارت نما مزار تھا۔ ایک طرف ان کا تکیہ اور دوسری طرف چھوٹے چھوٹے کمرے تھے۔ ایک بھی ذی حس وہاں موجود نہیں تھی۔ مزار کی ویرانی دیکھ کر میں حیران ہوا کہ یہ روحانی درگاہ عقیدت مندوں سے خالی کیوں ہے۔ میں نے مزار پر دھڑکتے دل کے ساتھ دعا کی۔ بابا تیلے شاہ قبر کے سرہانے بیٹھ گئے اور اپنی عبادت و ریاضت میں مصروف ہو گئے۔ میں نے مزار کے اندر ہی ایک جائے نماز پر نوافل ادا کئے اور بابا بوٹے کے لئے خاص طور پر دعا کی۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے مزارات پر عبادت اور دعا کا سلیقہ نہیں آتا تھا۔ دو نوافل پڑھنے کے بعد میں فارغ ہو گیا اور سوچنے لگا کہ اب کیا کروں۔ پہلے تو دل چاہا کہ مزار کے سجادہ نشین سے مل لوں لیکن پھر اس خیال سے جائے نماز پر ہی بیٹھا رہا کہ اگر بابا تیلے شاہ نے مناسب خیال کیا تو وہ مجھے خود ملوا دیں گے۔ میں کچھ دیر فارغ رہنے کے بعد سوچنے لگا کہ مجھے یوں خالی الذہن نہیں بیٹھنا چاہئے ۔ لہٰذا نے درود شریفؐ کا ورد شروع کر دیا۔ ٹاہلی والی سرکار کے دئیے وظائف بھی پڑھنے لگا۔ اول اول تو میں ارتکاز توجہ سے غافل ہو کر پڑھتا رہا لیکن جوں جوں وظائف کی گردان بڑھتی گئی میرا انہماک بہتر ہوتا گیا اور ظہر کی نماز ہونے تک میرا یہ عالم تھا کہ مجھے گردوپیش کی خبر نہیں رہی تھی۔
اذان سنتے ہی بابا تیلے شاہ مزار سے باہر آئے اور مجھے نماز پڑھنے کے لئے کہا۔ ہم دونوں نے نماز ادا کی۔ نماز کے بعد میں ایک بار پھر مزار کے درودیوار کی طرف دیکھنے لگا۔ برسوں پہلے میرے والدین یہاں میرے نام کی نذر چڑھانے آئے تھے۔ سالہا سال سے مزار کے نقوش اس طرح برقرار تھے ۔ بابا تیلے شاہ میرے انہماک کو دیکھتے ہوئے کہنے لگے۔
’’ان دیواروں پر ہمارے بابا کی یادیں نقش ہیں۔ میں اس وقت سے یہاں آ رہا ہوں جب بابا سرکار کے بہنوئی پیر مظفر شاہ نے گدی سنبھالی تھی۔ اس مزار کے درودیوار کے سوا مجھے یہاں کوئی نہیں جانتا۔ میں آتا ہوں تواپنے بابا کے پاس بیٹھ کر عبادت کرتا ہوں‘‘
’’بابا‘‘ میں نے جرات کرکے ایک سوال کیا ’’بابا مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ آپ ایک مجذوب کے مزار پر آ کر عبادت کیوں کرتے ہیں۔ آپ کسی مسجد میں بیٹھ سکتے ہیں۔ عبادت کے لئے کیا مزارات پر آنا ضروری ہے‘‘
بابا تیلے شاہ بولے۔ ’’میرے بچے ۔اپنے دل کو اتنا سخت کرکے سوال نہ کرو۔ ویسے میں تمہیں یہ بتادوں کہ عبادت کے لئے مقامات کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔ یہ بڑے نازک معاملات ہیں۔ جو ہر کسی کو سمجھ نہیں آسکتے ۔ہم یہاں آتے ہیں تو قلب ونظر کو گہرا سکون ملتا ہے۔ ہم غیر اللہ کی عبادت نہیں کرتے۔‘‘
لیکن آخر کیوں۔۔۔‘‘ میں ان کے جواب کو نظر انداز کرکے اپنے سوال پر بضد ہوگیا ۔
’’صبر کرو۔۔۔تحمل سے سنو۔۔۔‘‘ بابا تیلے شاہ شفقت اور ملائمت سے بولے اور پھر زیر لب کچھ پڑھنے لگے۔ اس بار ان کے الفاظ صاف سنائی دے رہے تھے۔ وہ سورۃ اخلاص اور دوسرا کلمہ پڑھنے کے بعد میرے سینے پر پھونک مار کر بولے۔ ’’شاہد میاں ایک بات ذہن میں رکھ لو۔ اللہ تعالی اپنے عبادت گزار بندوں کو، اپنے محبوب انسانوں کو اپنی رحمت سے دورنہیں رکھتا۔ وصال کے بعد ان کی قبور پر اللہ کی رحمت برستی رہتی ہے تم نے دیکھا ہے۔ اللہ کے حقیقی بندوں کے مزارات پر ایک گونا سکون ملتا ہے۔ ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔ ایسا لگتا ہے بچہ آغوش مادر میں آ بیٹھا ہے ۔ یہ سب کیوں ہوتا ہے۔ ایسے احساسات کیو ں پیدا ہوتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں اللہ کی رحمت برستی ہے اور اللہ تبارک تعالی کی رحمت کا احساس بہت بڑی نعمت ہے۔ ہم لوگ جب ایسی جگہوں پر آتے ہیں تو بنیادی طور پر یہی احساس اور یقین ہمیں یہاں لے کر آتا ہے۔ اس بزرگ کی قبر پر رحمت خداوندی سایہ فگن ہوتی ہے اور ہم اس کی قبر کے پاس بیٹھ کر عبادت کرتے ہیں تاکہ اللہ کی رحمت کا سایہ ہم کو اپنی پناہ دے۔ جہاں اللہ کی رحمت برستی ہے وہاں دعائیں‘التجائیں بہت جلد قبول ہوتی ہیں۔‘‘
’’بابا مگر مجھے‘تو۔۔۔‘
’’میں جانتا ہوں ۔۔۔ تجھے یہ سکون نہیں ملا ہو گا‘‘ بابا تیلے شاہ میری زبان پکڑ کر بولے ’’اگر تم اپنے دل کوآزاد کر دو۔ اس پے پڑا سختی اور غفلت کا پردہ پھاڑ دو تو تمہیں بھی یہ احساس ہو گا‘‘
’’لیکن بابا ۔۔۔ آپ جانتے ہیں میں بزرگوں سے عقیدت رکھتا ہوں۔ مجھے ان کی محبت بھی حاصل رہی ہے اور پھر ۔۔۔ مجھے اس مزار پر آنے کی تمنا بھی تھی۔ کوئی ایسی کشش تھی جو مجھے یہاں بلاتی تھی مگر میں یہاں آیا ہوں تو میرے دل سے ہر قسم کا احساس جاتا رہا ہے۔ دل خالی ہو گیا ہے ۔۔۔ میں اپنے دل کی بات زبان پر لے آیا۔
’’ہو سکتا ہے ایسا ہو اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ تم جن چکروں میں پڑ گئے ہو اس کی وجہ سے سرکار ناراض ہیں۔ اللہ کے ولی کی ناراضگی بھی کسی عذاب سے کم نہیں ہوتی‘‘ بابا تیلے شاہ کی بات سن کر سنسنی کی ایک لہر میرے پورے بدن میں پھیل گئی۔ ’’میاں تمہیں برسوں پہلے یہاں حاضری دینی چاہئے تھی۔ جس بزرگ کی دعا کو اللہ نے قبول کرکے تمہارے ماں باپ کو اولاد نرینہ عطا کی تھی اس کا شکریہ تو ادا کرنا چاہئے تھا‘‘ یہ سن کر میں شرمندہ ہو گیا۔
’’ہاں بابا دیر ہو گئی ہے لیکن اب میں ان کی ناراضگی ختم کر دوں گا۔لیکن بابا ان کی ناراضگی کیسے ختم ہو سکتی ہے ۔ مثلاً مجھے کیا کرنا چاہئے۔‘‘
’’بچے ۔۔۔ انہیں دھن دولت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بس تم یہاں نوافل ادا کرو۔ عبادات کرو اور اللہ سے ان بزرگوں کی شفا کے لئے دعا کرو ۔۔۔ اور کیا مانگتے ہیں یہ۔ بس اتنی سی بات ہے‘‘ بابا تیلے شاہ کی بات سن کر میرے دل کو قدرے تقویت پہنچی۔ ان کی ہدایات اور رہنمائی کے مطابق میں پیر کاکے شاہ کے مزار پر مغرب کی نماز تک نوافل ادا کرتا رہا اور اللہ سے گڑگڑا کر اپنی نالائقیوں اور کوتاہیوں کی بخشش کے لئے دعا کرتا رہا۔ مغرب اور پھر عشا کی نماز بھی میں نے بابا تیلے شاہ کے ساتھ ادا کی۔ مجھے وقت گزرنے اور بھوک پیاس کا احساس ہی نہ رہا تھا۔
یہ عشا کے بعد کی بات ہے۔ میں نے بابا تیلے شاہ سے اپنے معاملات کی باتیں کیں۔ انہیں جنات‘ ٹاہلی والی سرکار اور مکھن سائیں کے بارے بھی سب کچھ کہہ سنایا۔ وہ بولے۔
’’میں جانتا ہوں کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ شاہد میاں ایک بات ذہن میں بٹھا لو۔ ابلیس مردود نیکی کی آڑ میں بدی پھیلاتا ہے۔ وہ سلطان الملائکہ تھا لیکن تکبر نے اسے ابلیس مردود بنا دیا۔ لہٰذا وہ کمزور عقیدہ کے ہمارے انسانوں کو نیکی کے بہکاوے میں گناہوں کے راستے پر ڈال دیتا ہے۔ یہ مکھن سائیں بھی ایسا ہے۔ ٹاہلی والی سرکار اللہ کے ولی ہیں۔ لیکن ابھی وہ اپنی منزل سے بہت دور ہیں۔ ریاض شاہ ایک خراب اور دنیا کی طلب کا مارا ہوا شخص ہے۔ اس کے پاس آنے والے جنات ہیں تو مسلمان لیکن وہ اس کے احکامات ماننے پر مجبور ہیں۔ ریاض شاہ نے علوم کی طاقت سے انہیں پابند کیا ہوا ہے۔ تمہیں یاد ہے میں نے غازی کو سبزی منڈی میں پکڑ لیا تھا لیکن تم نے چھڑوا دیا۔ میں اس وقت بھی یہی چاہتا تھا کہ تم میرے پاس آؤ کیونکہ تم ایک کام کر سکتے ہو۔ ہر انسان کے بس میں ہر کام نہیں ہوتا لیکن اگر تم ہمت کرو تو ریاض شاہ کو شیطانی حرکات سے روک سکتے ہو۔ اس کے لئے ہمت اور حسن تدبر چاہئے۔ اب اگر تم یہ سوچنے لگ جاؤ کہ ایک غلط کار انسان کو روکنے کے لئے ہم کیوں نہیں کچھ کرتے تو میرے بچے ۔۔۔ اس کا جواب یہ ہے کہ ہر کام ہم نہیں کر سکتے۔ یہ کام تم جیسے نوجوانوں کے ذمہ ہے۔ برائی روکنا ایک جہاد ہے جو ہر مسلمان پر فرض ہے۔ ہمارا کام نیکی کی تبلیغ کرنا ہے۔ سو ہم کرتے رہتے ہیں۔ تمہیں اس کام پر آمادہ کرنے کے بعد میں تمہیں کچھ وظائف دوں گا جو تمہاری حفاظت کریں گے ۔۔۔ اللہ اکبر ۔۔۔ اللہ کے فضل و کرم سے تم ہر برائی کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے اندر ہمت مرداں پاؤ گے‘‘ اس رات بابا تیلے شاہ نے مجھے روحانی دنیا کے اسرار رموز سے آگاہ کیا اور کچھ قرآنی وظائف بھی یاد کرائے۔ میں رات بھر وظائف پڑھتا رہا۔ فجر کی نماز بھی مزار پر ہی ادا کی اس کے بعد مجھے نیند نے آ لیا۔ میں بہت پرسکون نیند سویا تھا۔ کسی قسم کا خواب نہیں آیا۔ حالانکہ میرے دل کے اندر یہ خواہش بھی تھی اور امید بھی تھی کہ خواب میں پیر کاکے شاہ آئیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔
صبح جب میری آنکھ کھلی تو سورج سر پر آیا ہوا تھا۔ آنکھ کھلتے ہی میں بابا تیلے شاہ کو دیکھنے لگا۔ وہ مزار کے اندر موجود تھے اور جھاڑو دے رہے تھے۔ میں نے ان کے ہاتھ سے جھاڑو لینے کی کوشش کی تو وہ کہنے لگے کہ پہلے منہ ہاتھ تو دھو لو۔ میں ہاتھ منہ دھو کر واپس آیا اور ان سے جھاڑو لے کر مزار میں صفائی کرنے لگا۔ آدھ گھنٹہ بعد میں فارغ ہو گیا۔ بابا تیلے شاہ کہنے لگا۔
’’اب ہمیں شائیں بابا کے مزار پر جانا ہے‘‘
اس وقت مجھے بھوک لگ رہی تھی۔ میں نے کھانے کی خواہش کا اظہار کیا تو مزار کے اندر سے پوٹلی اٹھا لائے اور کل دوپہر کے نان پکوڑے نکال کر مجھے تھما دئیے۔
’’لو ۔۔۔ کھا لو‘‘
میں نے ایک بار تو نان پکوڑوں کی طرف نظر ڈالی اور پھر بابا تیلے شاہ کی طرف دیکھا۔ وہ بولے
’’کبھی کبھی روکھی سوکھی بھی کھا لیا کرو۔ پھر ساری عمر گھی کی چپڑی روٹیاں کھانی ہیں تم نے ۔۔۔ اس وقت تمہیں فقیروں کا یہ کھانا نہ ملے گا‘‘
ان کے کہنے پر میں نان پکوڑے کھانے لگا ۔سچ تو یہ ہے کہ انہیں کھانا میرے لئے مشکل ہو گیا تھا صرف ایک لقمہ ہی کھا سکا تھا۔
’’بابا ۔۔۔ نہیں کھایا جاتا‘‘
’’میں جانتا ہوں تو ابھی یہ نہیں کھا سکے گا‘‘ بابا تیلے شاہ نے نان پکوڑے واپس لئے اور بڑے سکون سے ایک ایک نوالہ کرکے کھا گئے۔
ہم دونوں الوداعی سلام کے بعد سیالکوٹ کی طرف چل دئیے
’’بابا ۔۔۔ اب بھی پیدل چلنا ہو گا‘‘
’’نہیں آج تمہیں سواری ملے گی‘‘ بابا تیلے شاہ نے کہا۔ ہم دونوں قصبے سے باہر نکلے تو ہمیں ایک خالی تانگہ مل گیا۔ ہم اس پر سوار ہو گئے تو کوچوان کچھ پوچھے بغیر تانگہ لے کر چل دیا۔ جب ہم اورے پہنچے تو میری نظریں بے اختیار بابا بوٹے کے کھوکھے کی طرف اٹھ گئیں۔ اس کی دکان پر لوگوں کا ہجوم لگا ہوا تھا۔ پہلے تو میں نے سوچا کہ یہ نان پکوڑے کھانے والے لوگ ہوں گے لیکن پھر احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ اس سے پہلے کہ میں کچھ کہتا‘ بابا تیلے شاہ نے انا للہ پڑھی اور میرے منہ سے بے اختیاہ آہ نکل گئی۔ بابا تیلے شاہ نے کوچوان کو رکنے کا اشارہ کیا اور بابا بوٹے کے کھوکھے کی طرف چل دئیے۔ میں بھی ان کے ساتھ ہو لیا۔ ہجوم کو چیر کر ہم آگے بڑھے تو بابا بوٹا بان کی ٹوٹی پھوٹی چارپائی پر ہمیشہ کی نیند سو رہے تھے۔ ان کے چہرے پر گہرا سکون تھا مگر آنکھیں کھلی تھیں ایسا لگ رہا تھا جیسے اسے کسی کا انتظار ہو۔ بابا تیلے شاہ نے اس کی آنکھوں پر ہاتھ رکھا اور بڑے پیار سے انہیں بند کر دیا۔
’’اللہ مغفرت کرے، بوٹے تیری سنی گئی‘‘ وہ اپنا منہ اس کے کان کے قریب کرکے بولے
ہم دونوں نے بابا بوٹے کی نماز جنازہ پڑھنے کے بعد شائیں بابا کے مزار پہنچے تو اس وقت شام ڈھل رہی تھی۔ دربار کے پاس ایک سفید باریش بزرگ دیگ تقسیم کر رہے تھے۔ دیگ کے اوپر سیاہ بھاری کپڑا ڈالا ہوا تھا۔ ایک لمبی قطار بڑے سکون سے ان سے نیاز لے رہی تھی۔ بابا تیلے شاہ نے مجھے کہا
’’تو بھی قطار میں لگ جا‘‘ میں نے ایک نظر قطار پر ڈالی۔ کم از کم سو لوگ کھڑے تھے۔ اونچے ٹیلے پر مزار تھا اور اترائی تک قطار جاتی تھی۔ میں نے سوچا کہ میرے وہاں پہنچتے پہنچتے دیگ ختم ہو جائے گی۔ یوں کھڑا رہنے کا کیا فائدہ۔ میرا خیال پر لگا کربابا تیلے شاہ تک جا پہنچا بولے ’’حجتی ۔۔۔ ہر وقت دلیل کی گانٹھ دے کر اپنے دل کی وسعتوں کو قید کرنے کی کوشش نہ کیا کرو ۔۔۔ صبر و تحمل سے کام لو‘‘
ان کے کہنے پر میں قطار میں لگ گیا۔ باریش بزرگ نے ہاتھ میں ایک تھالی پکڑی ہوئی تھی۔ وہ کپڑا ذرا سا سرکاتے اور تھالی بھر کر چاولوں کی نیازمندوں کو دیتے۔ میرے اندازے سے دیگ کو اب تک ختم ہو جانا چاہئے تھا لیکن میں ان کے قریب جا پہنچا تھا اور اب میرے پیچھے اب لمبی قطار لگ چکی تھی لیکن دیگ تھی کہ ختم ہونے کو نہ آ رہی تھی۔ میں پاس پہنچا تو میں نے اپنی جھولی پھیلا دی۔ باریش بزرگ نے تھالی چاولوں سے بھر کر میری جھولی میں ڈال دی۔ میں چلنے لگا تو وہ بولے ’’شوہدے ۔۔۔ ایک تھالی اور لے جا اپنے بابا کو بھی کھلا دینا‘‘
میں حیران ہو کر انہیں دیکھنے لگا۔ ان کی آواز مجھے جانی پہچانی لگی لیکن میں انہیں پہچان نہ سکا۔

اکتیسویں قسط پڑھنے کے لئے کلک کریں