فوج یا سیاستدان، بنوں میں مقامی تنظیم کا ریفرنڈم، پولیس نے ذمہ داروں کو دھر لیا

فوج یا سیاستدان، بنوں میں مقامی تنظیم کا ریفرنڈم، پولیس نے ذمہ داروں کو دھر ...
فوج یا سیاستدان، بنوں میں مقامی تنظیم کا ریفرنڈم، پولیس نے ذمہ داروں کو دھر لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بنوں (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کی مقامی تنظیم الاسلم فاؤنڈیشن کی جانب سے بنوں پریس کلب کے باہر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی حمایت میں ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا جس میں 200 کے قریب افراد نے شرکت کرکے ووٹ ڈالے تاہم پولیس نے مداخلت کرکے ریفرنڈم رکوادیا اور ذمہ دار افراد کو گرفتار کرلیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنوں کے پریس کلب کے باہر مقامی تنظیم الاسلم فاؤنڈیشن کی جانب سے ” عوامی جمہوری ریفرنڈم “ کے نام سے ایک ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا جس میں استعمال ہونے والے بیلٹ پیپر پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، موجودہ وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر دی گئیں اور لوگوں کی رائے معلوم کی گئی کہ وہ کس شخصیت کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔ مذکورہ ریفرنڈم کا مقصد شہریوں کی رائے معلوم کرنا تھا کہ وہ جنرل راحیل شریف کی قیادت کے حامی ہیں یا ملک کی قیادت سیاسی جماعتوں، مسلم لیگ نواز اور پیپلزپارٹی کے ہاتھ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔


بنوں پریس کلب کے باہر صبح 9 بجے پولنگ کا عمل شروع کردیا گیاجس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ ریفرنڈم میں 200 کے قریب افراد ووٹ ڈال چکے تھے تاہم کمشنر نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او اور اسسٹنٹ کمشنر کو کارروائی کی ہدایت کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ریفرنڈم کے ذمہ دار افراد کو حراست میں لے کر بیلٹ باکس اٹھا کر پولنگ کا عمل ختم کرادیا۔
قبل ازیں ریفرنڈم کے اعلان کے موقع پر الاسلم فاو¿نڈیشن کے بانی محمد اسلم خان نے بتایا کہ مذکورہ مہم کا مقصد جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت سے مراد گڈ گورننس اور عوامی مسائل کیلئے حل فراہم کرنا ہے لیکن ہمارے حکمران ایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف رہتے ہیں۔ حکمرانوں کا واحد مقصد صرف اختیارات کا حصول ہے اور وہ اختیارت کے حصول کیلئے ایک دوسرے کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔


محمد اسلم خان کا کہنا تھا کہ وہ جمہوریت کے حامی ہیں تاہم ملک کیلئے سنجیدہ لیڈر شپ کے خواہاں ہیں، جو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکے، نہ کہ ایک دوسرے پر الزامات میں مصروف رہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی فاؤنڈیشن مذکورہ ریفرنڈم کو مختلف مراحل کے ذریعے پاکستان بھر میں کرانے کا اراہ رکھتی ہے۔ دوسرے مرحلے میں 29 جولائی کو کوہاٹ پریس کلب ، 2 اگست کو پشاور پریس کلب اور آخری مرحلے میں 11 اگست کو اسلام آباد پریس کلب کے باہر ریفرنڈم کا انعقادم ہوگا۔

مزید :

بنوں -اہم خبریں -