ہوشیار ۔۔۔آج "اپریل فول " ہے

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) خبردار ۔۔۔ہوشیار ۔۔۔۔آج یکم اپریل یعنی "اپریل فول" ہے۔
ہر سال دنیا بھر میں یکم اپریل کو لوگوں سے عملی مذاق کرکے یا جھوٹ بول کر’’اپریل فول‘‘ منایا جاتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں یہ لوگوں کو بے وقوف بنانے کا دن ہے، پھراس کے ساتھ مختلف تاریخی واقعات بھی جوڑدیئے جاتے ہیں، بہرحال، حقیقت جو بھی ہو، اپریل فول منانے سے پہلےیہ بات سوچنی چاہیے کہ کیا محض ہنسی مذاق کے نام پر جھوٹ بولنا درست ہے؟بعض لوگ یہ تاویل پیش کرتے ہیں کہ تفریحِ طبع کے لیے وقتی طور پر ہنسی مذاق کرلینے میں کیا حرج ہے۔ چوں کہ اس دن جھوٹ کی بنیاد پر دوسروں کے بارے میں بعض غلط اور لغو باتیں بھی پھیلا دی جاتی ہیں، یہاں تک کہ ان کی وجہ سے لوگوں کی عزت تک خاک میں مل جاتی ہے،تو ایسا کوئی عمل مذاقاً بھی کیسے جائز ہوسکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تاریخ چاہے کوئی بھی ہو، بے وقوف، بے وقوف ہی رہے گا اور عقل مند عقل مند۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ محض ایک دن کے لیے کوئی شخص فول قرار پائے اور کوئی بہت دانش وَر۔
یہ اپریل فول ہے کیا بلا، اسے کیوں منایا جاتا ہے؟ اس سلسلے میں نہ تو مؤرخین یقین سےکچھ بتاسکتے ہیں، نہ ہی راویان نے کوئی رہنمائی کی ہے۔