"میرا یسوع یسوع" میم سے شہرت پانے والے پادری کو زیادتی کیس میں عمر قید کی سزا سنادی گئی

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) موہالی کی عدالت نے 2018 کے جنسی زیادتی کے کیس میں متنازعہ پادری باجندر سنگھ کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے گزشتہ ہفتے انہیں قصوروار قرار دیا تھا اور منگل کے روز سزا کا اعلان کیا گیا۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وکرانت کمار کی عدالت نے سنایا۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون نے عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ باجندر ایک ذہنی مریض ہے اور اگر وہ جیل سے باہر آیا تو دوبارہ ایسا جرم کرے گا، اس لیے اسے ہمیشہ کے لیے قید میں رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کئی متاثرہ خواتین کے لیے انصاف کا دن ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) سے اپنی سیکیورٹی یقینی بنانے کی اپیل کی کیونکہ ان پر حملے کا خطرہ موجود ہے۔
بیالیس سالہ بجندر سنگھ، جو "یسوع یسوع پروفیٹ" کے نام سے مشہور تھا، پٹیالہ جیل میں قید تھا اور 28 مارچ کو عدالت نے اسے مجرم قرار دیا تھا۔ اس پر تعزیراتِ ہند کی دفعہ 376 (جنسی زیادتی)، 323 (جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی سزا) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت الزامات ثابت ہوئے۔
یہ مقدمہ 2018 میں ایک خاتون کی شکایت پر درج کیا گیا تھا، جس نے موہالی کے زِرک پور پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرائی تھی۔ متاثرہ خاتون نے الزام لگایا تھا کہ بجندر سنگھ نے اسے بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دیا اور پھر موہالی کے سیکٹر 63 میں اپنے گھر لے جا کر اس کے ساتھ زیادتی کی۔ خاتون نے مزید دعویٰ کیا کہ پادری نے اس واقعے کی ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دی تاکہ وہ اس کی بات ماننے پر مجبور ہو جائے۔