کارتک آریان کی آدمی کو غصے میں گٹار مارنے کی ویڈیو وائرل

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکار کارتک آریان انوراگ باسو کی ہدایت کاری میں بننے والی اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ جنوبی بھارتی اداکارہ سری لیلا اپنا بالی ووڈ ڈیبیو کر رہی ہیں۔ یہ جوڑی ان دنوں گانگٹوک میں فلم کی شوٹنگ کر رہی ہے۔حال ہی میں فلم کے سیٹ سے دو ویڈیوز لیک ہو کر وائرل ہو گئی ہیں۔ پہلی ویڈیو میں کارتک آریان اور سری لیلا سٹیج پر گٹار پکڑے نظر آ رہے ہیں۔ پہلے سے جاری کی گئی جھلکیوں میں کارتک کے گلوکار کے کردار کا انکشاف ہو چکا تھا لیکن سری لیلا کو بھی بینڈ کا حصہ دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔ اس ویڈیو میں کارتک مشہور فلم "عاشقی" (1990) کے گانے "تو میری زندگی ہے" کو گاتے نظر آ رہے ہیں، جبکہ ہدایت کار انوراگ باسو پس منظر میں کھڑے ہو کر سین کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
لیکن سیٹ سے لیک ہونے والی دوسری ویڈیو نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا۔ اس ویڈیو میں کارتک آریان کو سٹیج پر ایک شخص پر گٹار برساتے دیکھا جا سکتا ہے۔ منظر کی شدت اس وقت بڑھ جاتی ہے جب کارتک اس شخص کو دھکا دے کر سٹیج سے نیچے گرا دیتے ہیں اور پھر خود بھی چھلانگ لگا کر نیچے آ جاتے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فلم کے کسی سین کا حصہ تھا یا حقیقت میں سیٹ پر ایسا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔
نیوز 18 کے مطابق اس سے قبل بھی کارتک آریان کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ زخمی ہاتھ پر پٹی باندھے، لمبے بالوں اور بڑھی ہوئی داڑھی کے ساتھ بائیک چلاتے نظر آ رہے تھے، جبکہ سری لیلا ان کے پیچھے بیٹھی تھیں۔ فلم کا نام تاحال راز میں رکھا گیا ہے، لیکن افواہوں کے مطابق یہ ایک رومانوی میوزیکل فلم ہوگی۔