انتخابات جیت کر گلگت کی تقدیر بد ل دیں گے، بلاول بھٹو زرداری
غذر(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ گلگت کے عوام کوسہولیات فراہم کرنا پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے،گلگت انتخابات جیت کر یہاں کی تقدیر بد ل دیں گے۔کرپشن کے خلاف ایک قانون بنائیں گے ،سب کااحتساب کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے غذر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج گلگت بلتستان کی آزادی کادن ہے، سب کو آزادی مبارک،گلگت بلتستان کے عوام نے خود آزادی چھینی ہے،انہوں نے کہاکہ ذوالفقار بھٹو نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا تھا، بھٹو نے آپ کو ظلم سے آزادی دلائی، آپ کو آواز دی،شہید بھٹو نے گندم ، چینی اور نمک پر سبسڈی کا بندوبست کیا، غربت اور بے روزگاری سے نجات دلانے کیلئے اقدام کیے، شہیدبھٹو نے ناصرف ملک اور بلکہ بیرون ملک بھی لوگوں کو روزگار دلایا،ہم شہید بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کوصرف پیپلز پارٹی کے دور میں حقوق ملتے ہیں،بینظیر نے عوام کو جمہوری اور سیاسی آزادی دی،شہید بھٹو نے ناصرف نوجوانوں کو بلکہ خواتین کو روزگار دلایا،پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان اسمبلی بنائی، پیپلز پارٹی نے سی پیک کی بنیاد رکھی،انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی سمجھ رہاہے انکم سپورٹ سے بی بی کی تصویر ہٹا کر آپ کے دل سے بینظیرکونکال دے گا، عمران خان کہتا ہے سی پیک پر کام کریں گے، لیکن کوئی کام نہیں کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ آج ہر کوئی سی پیک کی اونر شپ لینا چاہتا ہے،آپ کے پہاڑوں اور گوادر کے سمندر کی وجہ سے سی پیک گیم چینجر ہے، نااہل اور ناسمجھ لوگوں کو پتا نہیں سی پیک کیا ہے؟ ،پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو سب سے پہلے سی پیک کا فائدہ گلگت بلتستان کوہوتا، کیا وجہ ہے لوگوں کو سی پیک کی وجہ سے کوئی فائدہ نہیں ہے؟ ،آپ فاٹا، گلگت بلتستان کے عوام کو سی پیک کی وجہ سے فائدہ دلاتے، آپ فاٹا، گلگت بلتستان کے عوام کو سی پیک کی وجہ سے فائدہ نہیں دلاسکے، اعلان کررہا ہوں کہ ہم گلگت بلتستان کو حق ملکیت دلوائیں گے،گلگت بلتستان کے عوام اپنا نمائندہ اسمبلی اور سینیٹ میں چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے تباہی کے علاوہ دیا کیاہے؟پی ٹی آئی نے صرف بےروزگاری دی ہے، ہم پی ٹی آئی کو عوام کاروزگار چھیننے نہیں دیں گے،پوری پی ڈی ایم ایک طرف اور کٹھ پتلی ایک طرف ہے، ہم نے یہاں کے عوام کو سلیکٹڈ کی تباہی سے بچانا ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ وزیراعظم کہتا ہے کہ وہ کرپشن کاخاتمہ کرے گا،کیا عمران خان کی حکومت آنے کے بعد کرپشن میں کمی آئی؟،عمران خان کہتا ہے کہ اپوزیشن مودی کابیانیہ لے کر چل رہی ہے،کشمیر کا سودا کرنے والے اپوزیشن پر الزامات کیسے لگا سکتے ہیں کلبھوشن کو سہولیات فراہم کرنے والا ہم پر الزامات لگا رہا ہے۔