لاہور چیمبر آف کامرس کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری                                                      

  لاہور چیمبر آف کامرس کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری               ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                                                               لاہور (لیڈی رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس کے نومنتخب صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری و دیگر عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ سالانہ اجلاس کے موقع پر نومنتخب عہدیداران نے کاروباری برادری کی فلاح و بہبود اور معیشت کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور اور سینئر گروپ لیڈرز میاں انجم نثار، محمد علی میاں، سبکدوش ہونے والے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، فہیم الرحمن سہگل، علی حسام اصغر، خواجہ شاہ زیب اکرم، الیکشن کمیشن نصراللہ مغل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ نومنتخب صدر میاں ابوذر شاد نے اپنی 28سالہ جدوجہد کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے لاہور چیمبر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 32سیٹوں پر فتح کو ایک بڑا سنگ میل قرار دیا اور کاروباری برادری کے مسائل حل اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے فہیم الرحمن سہگل، خواجہ شاہ زیب اکرم،علی حصام اصغر، بابر محمود اور دیگر تاجررہنماوں کی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ لاہور چیمبر کے نومنتخب صدر میاں ابوذر شاد نے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقتصادی اقدامات، بالخصوص خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کو معیشت کے استحکام کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے معیشت کے لئے مثبت اقدامات کی روشنی میں آئی ایم ایف نے بھی اس حوالے سے حکومت کی کاوشوں کو بہت سراہا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیرمملکت علی پرویز ملک کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں انجم نثار اور محمد علی میاں نے تاریخی کامیابی پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر کی تمام قیادت صنعت و تجارت کی بہتری اور معیشت کی خوشحالی کے لیے پرعزم ہے۔ نومنتخب سینئر نائب صدر انجینئرخالد عثمان نے کہا کہ ہم حکومت وقت کے ایوانوں میں کاروباری برادری کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔ تمام کاروباری برادری کے لئے ہر اوّل دستہ بنیں گے۔جو وعدے کیے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔ نومنتخب نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے تمام قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری ہمت، قوت اور ایمانداری سے نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے وسائل ممبران کی ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ سبکدوش ہونے والے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے دوسالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ قبل ازیں، الیکشن کمیشن نصراللہ مغل نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن کے حتمی نتائج کا اعلان کیا۔