شہبازشریف ہسپتال، مبینہ ناروا سلوک، ملازمین کا ڈی سی ملتان کےخلاف احتجاجی مظاہرہ، نعرے بازی

  شہبازشریف ہسپتال، مبینہ ناروا سلوک، ملازمین کا ڈی سی ملتان کےخلاف احتجاجی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان(وقائع نگار)گورنمنٹ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ملازمین نے ڈپٹی کمشنر کے مبینہ ناروا رویہ (بقیہ نمبر51صفحہ6پر )

کے خلاف گزشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرہ میں درجنوں ملازمین جن میں پیرامیڈیکل سٹاف ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ شامل تھا جہنوں نے ڈپٹی کمشنر ملتان کے خلاف نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرہ ٹرینی ڈسپنسر سے معافی مانگیں ،بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا ،واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے دورہ کے دوران کم ادویات دینے کی شکایات پر ڈیوٹی پر موجود ٹرینی ڈسپنسر محمد عاطف کو مبینہ طور پر تھپڑ دے مارا تھا ، جس پر ملازمین میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اعلی حکام سے اس کا فورا نوٹس لینے کی مطالبہ کیا تھا ، احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے زیادتی کی ، انہوں نے شکایت کی مناسب تحقیقات اور ذمہ داری کا تعین کئے بغیر بلاجواز فارمیسی عملہ کو برا بھلا کہا اور پھر ڈیوٹی پر موجود ڈسپنسر کو تھپڑ دے مارا ، جو کہ مجرمانہ فعل ہے ، یہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے وزیر اعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ان کے اس رویہ کا نوٹس لیا جائے اور انہیں فوری یہاں سے تبدیل کیا جائے۔اس موقع پر پی ایم اے کے سینئر رہنما ڈاکٹر مرتضی بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کا رویہ انتہائی افسوس ناک اور ابنارمل ہے ، اگر کوئی شکایت تھی تو اس کا قانونی طریقہ موجود ہے، اس طرح ہاتھ اٹھانا کسی طور انہیں زیب نہیں دیتا ان کے اس رویہ کی وجہ سے ہسپتال کے ملازمین میں غم و غصہ پایا جاتا ہے وہ فوری طور پر متاثرہ ملازم سے معذرت کریں بصورت دیگر احتجاج جاری رہے گا. دریں اثنا ملازمین آ ج منگل کو بھی ہسپتال کے مین گیٹ پر سیاہ پٹیاں باندھ کر مظاہرہ کریں گے۔