کامران،مہران بلاک کے الیکشن فوری کرائے جائیں،الخدمت گروپ
لاہور (ڈویلپمنٹ سیل) الخدمت گروپ کامران، مہران بلاک ملحقہ کریم نشتر بلاک، علامہ اقبال ٹاؤن لاہور نے ایسوسی ایشن کے دو سالہ دور کو مایوس کن اور ناکام ترین قرار دیتے ہوئے برسر اقتدارگروپ سے فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔چیئرمین فیاض احمد فیضی، صدر میاں اشفاق انجم، سینئر نائب صدر چودھری محمد اسلم، فنانس سیکرٹری عبدالرؤف عباسی نے دو سال میں ایک مرتبہ بھی جنرل کونسل کا اجلاس نہ بلانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے منتخب عہدیداروں کی باہمی چپقلش کو اہل علاقہ کے لئے زہر قاتل قرار دیدیا۔ فیاض احمد فیاضی نے کہا دو سال پہلے سکیورٹی، صفائی، لائٹس کا اعلیٰ ترین نظام قائم کرنے کا دعویٰ کیا گیا،نیا ٹیوب ویل لگانے کی خوشخبری دی گئی لیکن کارکردگی صفر رہی۔ دو سال پہلے بنائی گئی دو نمبر ووٹر لسٹیں قبول نہیں،آڈٹ شدہ دو سال کے حسابات پیش کئے جائیں اگر فوری الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو مجبوراً انتہائی قدم اٹھائیں گے۔ میاں اشفاق انجم نے کہا دھاندلی سے کامیاب ہونے والے ایسوسی ایشن کا دفتر بھی ایک دن نہیں کھول سکے،ہم نے50 روپے کی بجائے ماہانہ فیس100روپے کرانے کا مطالبہ تسلیم کیا، اس کے باوجود ایسوسی ایشن کا دفتر کوڑے کا ڈھیر بن چکا ہے، چاروں بلاکس میں پانی کی شدید کمی ہے۔ انہوں نے فوری طور پر اے جی ایم بُلا کر غیرجانبدار الیکشن کمیشن تشکیل دینے اور الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ کیا۔ چودھری اسلم نے کہا کامران، مہران بلاک میں کتوں کا راج ہے۔ فلٹریشن پلانٹ کے عرصہ سے فلٹر تبدیل نہیں کئے گئے۔ عبدالرؤف عباسی نے کہا گلی محلوں میں چوری کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔چودھری اسلم نے کہا انکو لانے والے بھی پچھتا رہے ہیں۔