پاورلفٹنگ چیمپئن شپ 26 دسمبر سے شروع ہو گی
اسلام آباد (یواین پی) پاکستان پاورلفٹنگ فیڈریشن کے زیراہتمام اور سندھ پاورلفٹنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے قائد اعظم ٹرافی کلاسک مینز اینڈ ویمنز پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 26 دسمبر سے کراچی میں شروع ہو گی. گزشتہ روز پاکستان پاورلفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد راشد ملک نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے دس ٹیموں کے مرد اورخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پاکستان آرمی، پاکستان پولیس، پاکستان واپڈا، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے کھلاڑی شامل ہیں۔ یہ چیمپئن شپ 29 دسمبر تک جاری رہے گی۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے منتظمین کے مطابق ایونٹ کے انعقاد سے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔